کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں شہر میں ٹریفک کے مسائل بے قابو ہو گئے۔چوآ اور راولپنڈی روڈ پر پرائیویٹ گاڑیوں کی غلط پارکنگ کے باعث ٹریفک بے ضابطگیوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سٹی ٹریفک پولیس ان قانون شکن گاڑی مالکان کے سامنے بالکل بے بس ہو کر رہ گئی ہے۔ایم سی کمپلیکس کے سامنے غیر قانونی سوزوکی اسٹینڈ سے سکیورٹی مسائل میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اور اس کے قریب واقع دو سرکاری تعلیمی اداروں کے سامنے گاڑیوں کی غیر قانونی پارکنگ نے نہ صرف طلبہ و طالبات بلکہ اساتذہ کے مسائل میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔گوجر خان روڈ پر دکانوں کے سامنے بڑی گاڑیاں سامان اتارنے میں لگی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت بھی شدید متاثرہوتی ہے۔پنڈی روڈ پر ٹیوٹا ہائی ایس کے غیر قانونی اسٹینڈ نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی ہے جہاں ایک وقت میں تین سے چار گاڑیاں سواریوں کے انتظار میں روڈ کے اوپر کھڑی کر دی جاتی ہیں اور یہ سب کچھ سٹی ٹریفک پولیس کے سامنے ہورہا ہوتا ہے۔چوآ روڈ اور پنڈی روڈ پر پرائیویٹ گاڑی مالکان اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے خود سودا سلف خریدنے میں مصروف ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ جانے سے نہ صرف ٹریفک کی آمدورفت شدیدمتاثر ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی بے پناہ مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔کلر سیداں کے کاروباری حلقوں نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے چیف ٹریفک پولیس راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
172