کلر سیداں سیکرٹری بلدیات پنجاب کی ہدایت پر ایم سی کلر سیداں میں سموگ کی روک تھام کے سلسلہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر /ایڈمنسٹریٹر کلر سیداں محمد اعجاز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں،فصلوں کی باقیات جلانے اور فضائی آلودگی کا سبب بننے والے بھٹہ مالکان کیخلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوں نے سموگ کی روک تھام کیلئے انسدادی اقدامات تیز کرنے کیلئے تمام ذمہ دران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کا سبب بننے والی ماحول دشمن سرگرمیوں کے سدباب کیلئے پولیس ، مقامی انتظامیہ اور دیگر ادارے مل جل کر کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اعجاز سہیل اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سموگ کے خاتمے کیلئے اس کا سبب بننے والے عوامل کی روک تھام،احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور عوامی آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما و سابق ٹاؤن ناظم ملک سہیل اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں سموگ کی روک تھام کیلئے اپنا متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔پی ٹی آئی کے ملک اجمل نے اپنے خطاب میں مقامی انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کا حصہ نہ بنائے اور مالکان کیخلاف کارروائی کی جائے۔برطانوی پلٹ لبنی راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن نہیں۔تقریب کے اختتام پر واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ایم او ریگولیشن رابعہ بصری،سابق ایم سی صدر محسن نوید سیٹھی،سید سجاد حسین شاہ نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔
