140

کلرسیداں پولیس قتل کے درجنوں ملزمان گرفتار کرنے میں ناکام،لواحقین تشویش میں مبتلا

کلرسیداں(راجہ سعید،نمائندہ پنڈی پوسٹ)دس یوم قبل نواحی علاقہ سموٹ میں قتل ہونے والے ٹریکٹر ڈرائیور کے ملزمان ابھی تک گرفتار نہ ہو سکے جس کی وجہ سے وارثان میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔سابقہ رنجش پر 45 سالہ طاہر ندیم کو قتل کر دیا گیا تھا جس پرمقتول کے برادر نسبتی صفدر حسین کی مدعیت میں ملزم تصور حسین اور اس کے بیٹے سمیت چھ ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا مگر دس یوم کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک ایک ملزم بھی گرفتار نہیں ہو سکا۔دریں اثنا ء دو ہفتے قبل بشندوٹ کے علاقہ میں غیر آباد تندور سے انسانی ڈھانچے کی باقیات برآمدہوئیں،مقدمہ درج ہونے کے باوجود ابھی تک ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ نواحی علاقہ شاہ باغ میں پانچ سالہ بچے کو مبینہ طور پر قتل کر کے اس کی نعش کو واٹر ٹینکر میں پھینک دیا گیا تھا اور آٹھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس اندھے قتل کا سراغ نہیں لگا یا جا سکا۔اسی طرح بشندوٹ کے علاقہ میں دوہرے قتل کی واردات میں میاں بیوی کو قتل کر دیا گیا تھا اور پانچ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اس اندھے قتل کی فائل بھی سرد خانے کی نذر ہو گئی ہے۔اپریل کے مہینے میں ہی 35 سالہ راجہ نوید کو قتل کر کے اس کی نعش کلر سیداں بائی پاس پر پھینک دی گئی تھی اس اندھے مقدمہ کے ملزمان کا بھی کچھ پتہ نہ چل سکا۔جم خانہ کلب کے قریب واقع ایک پلازے سے نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی تھی جسے مرکزی قبرستان کلر سیداں میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا اس مقدمے کے ملزمان کا بھی ابھی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں