جوڈیشل کمپلیکس کلر سیداں اور بار ایسوسی ایشن میں پولیس کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ بار ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو پولیس اور سی سی ڈی کی جانب سے ماورائے قانون اقدامات اور ماورائے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف ایک سخت احتجاج قرار دیا ہے۔
صدر بار ایسوسی ایشن سید وقاص حیدر اور سیکرٹری بار ایسوسی ایشن سمیر حسن راجہ کی سربراہی میں وکلا نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے عدالت اور بار کی حدود میں پولیس کے داخلے کو روک دیا۔ دونوں عہدیداران نے داخلی دروازہ مکمل طور پر بند رکھنے کا حکم دیا، جس کے نتیجے میں کوئی بھی پولیس اہلکار جوڈیشل کمپلیکس کے اندر داخل نہیں ہو سکا۔
بار ایسوسی ایشن نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ پولیس اور CCD کے ماورائے قانون رویے کی شدید مذمت کی جاتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ وکلا برادری نے اعلان کیا کہ جب تک درست اقدامات نہیں اٹھائے جاتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔