کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)چیئرمین میونسپل کمیٹی کلرسیداں شیخ عبدالقدوس نے منگل کے روز اچانک بلدیہ کا دورہ کیا تو تقریبا تمام عملہ غیر حاضر پایا گیا۔چیئرمین بلدیہ ایم سی کلر سیداں کے تمام شعبوں میں گئے جہاں بیشتر عملہ دفاتر سے غیر حاضر پایا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے عدم حاضری پر ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیاہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں کام کے سلسلے میں آنے والوں نے شکایت کی تھی کہ بلدیہ کے اہلکار مقررہ وقت پر دفتر میں موجود نہیں ہوتے جس پر انہوں نے اپنے معمول سے ہٹ کر بلدیہ کا سرپرائز وزٹ کیا مختلف شعبوں میں جاکر دیکھا تو شکایت درست ثابت ہوئی کیونکہ بیشتر عملہ اپنی ڈیوٹیوں پر موجود نہ تھا جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو دفتری اوقات کی پابندی کو یقینی بنانا چاہیئے تاکہ مختلف علاقوں سے کام کے سلسلے میں آنے والوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایوان میں بھاری اکثریت کے باوجود مختصر سی تین رکنی اپوزیشن کو بلڈوز نہیں کیا بلکہ انہیں بھی مساوی فنڈز دے کر عمدہ روایت قائم کی ہے ہم نے دوتہائی سے زیادہ اکثریت کے باوجود اپوزیشن کو ایوان کا معتبر حصہ سمجھا یہی ہماری سیاسی کامیابی ہے۔
315