کلر سیداں ( پنڈی پوسٹ نیوز) ضلعی محکمہ ہیلتھ کے زیر انتظام تحصیل کلر سیداں کی یونین کونسل کنوہا کے علاقہ موہڑہ دھیال میں قائم سب ہیلتھ سنٹر زبوں حالی کا شکارہو گیا۔ادویات ہیں نہ میڈیکل آفیسر، ایک عدد بی پی اپریٹس مشین کے علاوہ مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے کچھ بھی دستیاب نہیں۔سب ہیلتھ سنٹر میں آنے والے مریضوں کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے بعد وہاں تعینات محمد ضمیر نامی وارڈ سرونٹ ایک پرچی میں ادویات کے نسخے لکھ کر انہیں قریب ترین میڈیکل سنٹر میں روانہ کر دیتا ہے۔چھ ماہ قبل ذیشان نامی ڈسپنسر کو سب ہیلتھ سنٹر موہڑہ دھیال میں تعینات کیا گیا تھا جسے ویکسی نیشن ڈیوٹی کیلئے عارضی طور پر راولپنڈی بھیج دیا گیا ہے۔وارڈ سرونٹ محمد ضمیر نے بتایا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ادویات فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کی وجہ سے آنے والے مریضوں کا صرف بلڈ پریشر ہی چیک کیا جاتا ہے یا پھر نسخہ لکھ کر انہیں میڈیکل سٹور سے ادویات خریدنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔یاد رہے کہ یونین کونسل کنوہا موہڑہ وینس میں رورل ہیلتھ ڈسپنسری قائم کی گئی تھی جو گزشتہ کئی برسوں سے تالا بندی کا شکار ہے جبکہ موہڑہ دھیال میں قائم سب ہیلتھ سنٹر بھی ادویات نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے اور صرف بلڈ پریشر چیک کروانے والے مقامی مریض ہی اس ہیلتھ سنٹر سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔مقامی افراد نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے صورتحال کا سختی سے نوٹس لینے اور سب ہیلتھ سنٹر موہڑہ دھیال میں میڈیکل آفیسر کی تعینات اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔