206

کرنل اجمل صابر راجہ کے ریمانڈ میں 3 روز توسیع

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی ملک مشتاق احمد اوجلہ نے تحریک انصاف کے چیئر مین کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی میں پر تشدد مظاہرے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر)اجمل صابر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید3یوم کی توسیع کر دی ہے عدالت نے حکم دیا ہے کہ 23ستمبر کو ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گزشتہ روز5روزہ جسمانی ریمانڈمکمل ہونے پر تھانہ وارث خان پولیس نے کرنل (ر)اجمل صابر کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مزید3یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اس موقع پر ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کا موکل 63سال کا ایک ادھیڑ عمر شخص ہے جو عارضہ قلب کا بھی مریض ہے جبکہ 5روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے باوجود بھی پولیس کو ئی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکی لہٰذا مزید ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں بنتا جس پر مقدمہ کے تفتیشی نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سے اس کا موبائل اور موٹر سائیکل برآمد کرنا ہے جس پر عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ ضروری تو نہیں ملزم کے پاس موبائل موجود تھا کیونکہ آج بھی بعض لوگ موبائل نہیں رکھتے جس پر پولیس نے بتایا کہ حالیہ ریمانڈ کے دوران ملزم نے موبائل کا ہونا تسلیم کیا ہے تاہم تاحال وہ موبائل پولیس کے حوالے نہیں کیا گیا عدالت نے فریقین کے دلائل اور موقف سننے کے بعد مزید3روزہ ریمانڈ جاری کرتے ہوئے پولیس کو ہدائیت کی کہ 23ستمبر کو ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کر کے تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے یاد رہے کہ تھانہ وارث خان کے سب انسپکٹر محمد سعید کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7اے ٹی اے کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 436،337-H(2)، 427، 436، 341،353،147،148اور149کے تحت درج مقدمہ نمبر 914کے متن کے مطابق پولیس نفری کے ہمراہ کمیٹی چوک ڈیوٹی پر موجود تھا کہ رات 12بجکر55 منٹ پر سابق اراکین اسمبلی عمر تنویر بٹ، اعجاز خان جازی اورعارف عباسی سمیت18افراد کی قیادت میں 200/250نامعلوم افراد عمران خان کی گرفتاری اور حکومت کے خلاف پرتشدد احتجاج کرتے لیاقت باغ کی جانب سے آئے جنہوں نے سرکاری املاک پر دھاوا بول دیا اور شدید توڑ پھوڑ کر کے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا ٹائر اور دیگر سامان جلا کر مری روڈ بلاک کر دی منتشر ہونے اور منع کرنے پرآتشیں اسلحہ، پٹرول کی بوتلوں، ڈنڈوں، پتھروں اور غلیلوں سے لیس مظاہرین نے اپنی قیادت کی ایما پر پولیس پر حملہ کر دیا اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی اور پولیس سے گتھم گتھا ہو گئے یاد رہے کہ نیب کی جانب القادر ٹرسٹ ریفرنس میں وارنٹ جاری ہونے پر رینجرز نے عمران خان کو 9مئی کواسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ پیشی کے بعد احاطہ عدالت میں موجود تھے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں