160

چنگ چی رکشوں کی بھرمار سے ٹریفک کا جا م رہنا معمول بن گیا

جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم شہر میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں کی بھرمار سے ٹریفک کے ان گنت مسائل پیدا ہونے لگے، چوک چو راہوں اور پبلک مقامات پر ٹریفک کا جا م رہنا معمول بن گیا،ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے شہریوں کے مسائل میں اضافہ ہوگیا، شہریوں نے ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق شہر کی تمام سڑکوں کے اطراف کارروباری مراکز کثیرالمنزلہ پلازے شاپنگ مال اور نجی شعبوں کے وسیع نیٹ ورک پھیل چکا ہے جس سے پارکنگ کا مسئلہ تیزی کے ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہاہے۔ شاندار چوک کے چاروں اطراف چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں رکشے کھڑے کرکے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کررکھا ہے۔سول ہسپتال، چوک گنبد والی مسجد،جی ٹی ایس چوک، محمدی چوک، روہتاس روڈ، کچہری چوک،قبرستان چوک، خواتین کالج سمیت دیگر چوک چوراہوں اور پبلک مقامات پر ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے رکشہ ڈرائیوروں نے شہر کے چوک چوراہوں کو رکشہ اسٹینڈ میں تبدیل کر رکھا ہے۔پڑوسی اضلاع سے خریداری کے لئے آنے والے صارفین اور مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رکشے سڑکوں پر کھڑے ہونے کیوجہ سے ریسکیو 1122، فائربریگیڈ اور ایمبولنسسز کو بھی گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹریفک پولیس کا عملہ اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یاد گار پر آنے والے شہریوں کو پارکنگ نہ ہونے کیوجہ سے گاڑیاں کھڑی کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص میجر اکرم شہید یادگار کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنا چاہے تو ریڑھی بان اور رکشہ ڈرائیورز گالی گلوچ، لڑائی جھگڑا کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں