106

چاہتا ہوں جیت کر عزت کیساتھ کسی سیاسی جماعت کا حصہ بنوں‘چوہدری نثار

راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ عوام کا ووٹ ہی میراٹکٹ ہے،الیکشن آج ہوں کل ہوں دوماہ یادس ماہ بعد میں میدان میں موجود ہوں حلقے کی عوام میرے ساتھ ہے،جب آئی جے آئی بنی اس وقت نوازشریف کو سربراہ بنایا گیا بیانیہ جاری ہوا کہ بینظیر بھٹو عورت ہونے کیوجہ سے حکمران نہیں بن سکتی آج پوچھتا ہوں یہی بیانیہ مریم نوازپرلاگو کیوں نہیں ہوتا،حلقے کی خدمت پہلے بھی کرتا آیاہوں آج بھی کررہا ہوں جب تک زندگی ہے عوام کی خدمت کرنا میرامشن ہے،میرے مخالفین نے گزشتہ چارسالوں میں ایک روپے کابھی علاقے میں ترقیاتی کام نہیں کرایا،تحریک لبیک حضرت محمد ؐ کے نام پرووٹ مانگ رہی ہے کہ ووٹ کے بدلے جنت ملے گی انہیں شرم آنی چاہیے ٹکٹ ایسے لوگوں کودیتے ہیں جن کا کردار ایسا نہیں کہ انہیں ووٹ دیاجائے،عوام اپنے ضمیر کی آوازپرووٹ دیتے ہیں،ڈھڈھمبر میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام میری خدمت کامنہ بولتا ثبوت ہیں ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈھڈھمبر،چکری میں الحاج شیخ مرسلین عاجز کے زیراہتمام منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کسی کی دم پکڑ کر لوگوں سے ووٹ مانگ کرالیکشن نہیں لڑنا چاہتا،ن لیگ اورپی ٹی آئی کی سیاست دشمنی میں تبدیل ہوچکی ہے عمران خان میرا 50 سال سے دوست ہے، عمران خان آج بھی دوست ہے، سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا میں میدان میں آچکا ہوں، عزت عہدوں سے نہیں آتی، مجھے غریب اور مزدور کی مدد درکار ہے، الیکشن آج ہوں کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں، بطور ایم این اے ہی خدمت نہیں کی بلکہ بطور کونسلر بھی عوام کی خدمت کی، میرے مقابلے میں وہ لوگ ہیں جنہوں نے ککھ نہیں کیا، انہوں نے کہا چاہتا ہوں میں الیکشن جیت جاؤں اس کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں تاکہ علاقے کے عوام کی خدمت کاسلسلہ جاری رکھ سکوں۔ ڈھڈھمبر کے گلی کوچے میرے کرائے گئے کاموں کی گواہی دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں کرپٹ نہیں ہوں میرے لیے آپ گھر گھر جاکر ووٹ مانگیں کوئی آپ سے یہ نہیں کہے گا کہ کس دونمبر بندے کیلئے ووٹ مانگ رہے ہوں عزت کیساتھ سیاست کی ہے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت کی پینتیس سالوں سے میدان سیاست میں ہونے کے باوجود کرپشن کاکوئی الزام نہیں ہے۔جلسے میں چوہدری نثارعلی خان کے فرزند چوہدری تیمورعلی خان،اٹک سے ملک آصف،چوہدری وقارعلی خان،شیخ ساجدالرحمن،چوہدری غلام قمر سمیت اہلیان ڈھڈھمبر اوراردگردکے علاقوں کے آئے ہزاروں افرادنے شرکت کی۔جلسے کے آغازپر جلسہ کے میزبان علاقے کی ہر دل مقبول سیاسی و سماجی شخصیت الحاج شیخ غلام مرسلین عاجز نے چوہدری نثارعلی خان اورجلسہ میں آنیوالے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا انہوں نے کہا کہ چوہدری نثارعلی خان نے جتنے ترقیاتی کام ڈھڈھمبر میں کرائے آج تک کوئی اورنہیں کراسکا ان گزشتہ چارسالوں میں کسی نے ٹوٹ پھوٹ کاشکارہونیوالی سڑکوں کی مرمت تک نہیں کرائی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں