اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ) تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کا پارلیمنٹ لاجز میں اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی نے پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی نے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کی معطلی کےبعد عدالتی حکم موصول ہونے کی صورت میں آئندہ کا لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ارکان کا کہنا ہےکہ عدالتی حکم ملنے سے قبل پارلیمنٹ آنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
اس سے قبل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسپیکرکے مؤقف کے بعدپی ٹی آئی ممبران نے اپنا فیصلہ تبدیل کیا تھا اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہی اسمبلی جانے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے عدالت کے تحریری حکم نامے تک پی ٹی آئی ممبران کو اجلاس میں آنے سے روکنے کا کہا ہے۔ذرائع کے مطابق استعفوں کا معاملہ معطل کے بجائے کالعدم ہوتو ہی پی ٹی آئی ممبران قومی اسمبلی میں واپس آئیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا تھا اور عدالت نے ان حلقوں میں ضمنی الیکشن بھی روک دیا ہے۔