107

پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی صف بندی

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منحرف ہونے والے سیاستدان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ کسی طور ممکن نہیں کہ ہم پی ڈی ایم کی حکومت کو کھلا چھوڑ دیں اور آصف زرداری، نواز شریف اور فضل الرحمان کو کھل کھیلنے کا موقع دے دیا جائے کیوں کہ یہ ملک کا بحران بڑھائیں گے۔

فواد چوہدری نے بدھ کو میڈیا سے ایک مختصر گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کی پی ٹی آئی چھوڑنے والے دیگر افراد کے ہمراہ آج پی ٹی آئی کی لیڈرشپ اسد عمر و دیگر سے ملاقات ہوئی اور اب ان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بے یقینی کی کیفیت ہے جس کی ذمہ دار پی ڈی ایم ہے اور ملک کو اس کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مردم شماری کے مطابق پاکستان میں 25 کروڑ لوگ ہیں اور اتنے سارے افراد کو نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان کے آسرے پر نہیں چھوڑ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی کی قیادت سے اچھی ملاقات رہی۔ انہوں نے توقع ظاہر کہ پی ٹی آئی اور اس سے علیحدہ ہونے والے سیاسی رہنما آپس میں مل کر پاکستان کو مسائل کے مسقتل حل کی جانب لے جائیں گے۔فواد چوہدری نے 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے بعد رونما ہونے والے واقعات پر ہونے والی گرفتاریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کسی قصور کے بغیر جیلوں میں گئے انہیں رہا ہونا چاہیے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ بہت افسوسناک تھا اور وہ ہماری ہی ذمہ داری تھی۔فواد چودہری نے میڈیا سے مزید کسی گفتگو سے گریز کیا۔ اس موقع پر عمران اسماعیل اور محمود مولوی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے 24 مئی کو پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جدا کر لی تھیں تاہم اس وقت ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ فی الحال سیاست سے بریک لے رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’میں نے 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی پہلے ہی مذمت کی تھی اور اب سیاست سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔‘

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں