گوجرخان (عبدالستار نیازی،نمائندہ پنڈی پوسٹ) گوجرخان میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں تحریک انصاف کا لانگ مارچ آج جمعہ کے بعد گوجرخان پہنچے گا ، شہر کو خیر مقدمی بینرز ، پارٹی رہنماوں کی تصویروں والے فلیکسز اور پارٹی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ اندھیرا ہو جانے کی صورت میں جی ٹی روڈ پر گلیانہ موڑ سے گوجرخان چوک تک سرچ لائٹس کا انتظام بھی کیا گیا ہے ، کار سٹینڈ میں جلسہ کیلیے جگہ مختص کی گئی ہے جہاں کنٹینرز پر مشتمل سٹیج بنایا گیا ہے ، بڑی سکرین پر عمران خان کا خطاب دکھایا جائے گا ، دن بھر پارٹی ترانے گونجتے رہیں گے ، گوجرخان پہنچنے پر جلسہ سے مرکزی رہنما خطاب کریں گے ، جبکہ عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے 4 بجے خطاب کریں گے ، چونکہ گوجرخان سے ضلع راولپنڈی کی حدود شروع ہوتی ہے اس لیے یہاں پر ایلیٹ فورس ، پنجاب پولیس کی بھاری نفری سیکورٹی کیلیے تعینات کر دی گئی ہے ، نزدیکی عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے ، ڈرون کیمروں سے نگرانی بھی کی جائے گی اور جی ٹی روڈ پر بھی نفری تعینات ہو گی ، جبکہ مرکزی سٹیج کی سیکورٹی فول پروف بنانے کیلیے انتظامات کئے گئے ہیں ۔
127