پی ٹی آئی دور میں آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا،عطاء تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، آج پارلیمنٹ مشاورت کے ساتھ ترمیم کررہی ہے تو یہ کیوں مخالفت کررہے ہیں، جب قاسم سوری آئین شکنی کررہے تھے تو اس وقت یہ کیوں چپ تھے؟۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ کون شخص تھا جس نے ملک میں نفرت کے بیج بوئے؟، نفرت کے بیج بونے والوں کو کوئی بھول نہیں سکتا، ان کو چور دروازے سے اقتدار میں آنے کی معافی مانگنی چاہئے، ان کے لیڈر نے 9 مئی کا حکم دیا، شہداء کی یادگاروں پر حملے کیے گئے، نئی روایت چل پڑی وہ بات کرو جو بھارت اور افغانستان میں ہیڈلائنز بنے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو صرف ٹریلر دیکھتے ہیں پوری فلم نہیں دیکھتے، یہ لوگ صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرتے ہیں، ان کی فسطائیت کی رجیم سے پہلے عورتوں کو جیلوں میں نہیں ڈالا جاتا تھا، ہم اپوزیشن میں بیٹھ کر بتاتے تھے کہ وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا، ان لوگوں نے چار سال کے دوران کوئی سبق نہیں سیکھا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ کاش ہمیں سیاسی اپوزیشن ملی ہوتی، مئی کی جنگ کے بعد پاکستان کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، پی ٹی آئی نے 27ویں آئینی ترمیم میں کوئی تجویز نہیں دی، ان ہی بینچوں پر بیٹھ کر ان کے لیڈر نے کہا تھا کیا میں حملہ کردوں، جب وانا میں حملہ کیا جارہا تھا تو وزیراعلیٰ کے پی کرکٹ کھیل رہے تھے۔