کراچی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)تحریک انصاف حکومت کیخلاف بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا، کارکنوں کی بڑی تعداد مارچ میں شریک ہے۔لانگ مارچ کی روانگی سے قبل خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کیلئے نکلے ہیں، ہرپاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان حکومت کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ چکی۔ یہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم کوختم کررہی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی۔ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں، سندھ حکومت کم وسائل کیساتھ زیادہ محنت کر کے صوبے کی خدمت کر رہی ہے، عمران کو بھگائیں گے تو تمام صوبوں کو ان کا حق ملے گا، اب وقت آ گیا کہ ہم وفاقی حکومت کے خلاف عدم اعتماد لیکر آئیں۔ عمران خان انسانی حقوق پرحملہ کرچکے،اب ہم برداشت نہیں کرسکتے، ہم یہاں سے نکلیں گے تو بنی گالا سے چیخیں آئیں گی، اسلام آباد پہنچ کر اس حکومت پر حملہ کریں گے۔دریں اثنا شہر قائد میں جیالے انتہائی پرجوش نظر آ رہے ہیں، کراچی میں ہر طرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور قد آور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے ہیں۔ مختلف علاقوں سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے رہائش گاہ سے روانگی سے قبل بلاول کو امام ضامن باندھا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ ہیں۔پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا آخری پڑاؤ راولپنڈی میں ہو گا۔
133