جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ آسکی، اندرون ضلع سمیت بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ کے مالکان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرایوں میں مزید اضافہ کر دیا، مسافروں کی مشکلات میں اضافہ، مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے کی کمی کا اعلان کیا جس پر یکم مارچ سے عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے اضافی کرائے وصول کر رہے ہیں جس کیوجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے، مسافروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ ٹرانسپورٹرز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اضافے کو بنیاد بنا کر کرایوں میں 30 سے 50 فیصد اضافہ کر دیا تھا، جبکہ وزیراعظم نے یکم مارچ سے 10 روپے کی کمی کا اعلان کر دیا ہے، 1 ہفتہ سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود ٹرانسپورٹروں نے کرایوں میں کمی کا کوئی عملی مظاہرہ نہیں کیااور نہ ہی سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اس حوالے سے کارروائی کرنے کے لئے نظرآئے ہیں جس سے سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ متعلقہ محکمے کو پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررکردہ کرائے ناموں پر عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے اور اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ مسافروں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔
157