142

پٹرول ایجنسیاں زائد قیمتوں پر پٹرول فروخت کرنے میں مصروف

جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ) ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں درجنوں کے قریب غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں سر عام مقررہ نرخوں سے زائد قیمتوں پر پٹرول فروخت کرنے میں مصروف۔سول ڈیفنس کے ذمہ داران نے غیر قانونی دھندہ کرنے والوں کو کھلی چھوٹ دے دی۔ناقص وغیر معیاری پٹرول کے استعمال کی وجہ سے شہریوں کی گاڑیاں، موٹر سائیکلز کھٹارہ بننا شروع ہوگئیں۔محکمہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ شہریوں کا کمشنر راولپنڈی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع کی چاروں تحصیلوں، تحصیل پنڈدادنخان، تحصیل جہلم، تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ کے اندرونی و مضافاتی علاقوں میں غیر قانونی پٹرول کی فروخت اور انسانی جانوں سے کھیلنے کے خطرناک اڈے قائم ہو چکے ہیں جانی و مالی خطرات لاحق ہونے کے باوجود محکمہ سول ڈیفنس کے افسران و اہلکار کسی قسم کے کوئی اقدامات بروئے کار لانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں، بااثر پٹرول مافیا نے سول ڈیفنس کے عملے کی سرپرستی میں سر عام غیر قانونی پٹرول کی فروخت کا مکروہ دھندہ شروع کر رکھا ہے پٹرول مافیا حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں سے کئی گنا اضافی رقم وصول کرنے کے باوجود پٹرول میں ملاوٹ کرکے شہریوں کی موٹر سائیکلوں گاڑیوں کی تباہی کا موجب بن رہے ہیں، کھلے عام فروخت ہونے والے ناقص و غیر معیاری پٹرول ایجنسیوں کے مالکان نے اردگرد کے رہائشیوں کی جانوں کی پرواہ کئے بغیر گھناؤنا کارروبار شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کے سروں پر خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں، شہریوں نے کمشنر راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں قائم درجنوں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف آپریشن کروا کر مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ شہریوں کی گاڑیاں محفوظ اور مکینوں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں