جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم اندرون ضلع اور بین الاضلاعی روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان نے حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر کمی کے باوجود کرایوں میں 20 سے 30 روپے فی سواری از خود اضافہ کر دیا، جبکہ اندرون شہر چلنے والے چنگ چی رکشوں کے مالکان نے بھی فی سواری 10 روپے کرائے میں اضافہ کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز اور مسافروں کے درمیان گالم گلوچ اور لڑائی جھگڑے روزانہ کا معمول بن چکے ہیں، مسافروں کو ریلیف نہ ملنے پر مسافروں نے کمشنر راولپنڈی، چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے لینے اور کرایوں میں کمی کرنے سمیت سرکاری کرایہ نامہ گاڑیوں میں آویزاں کرنے کا مطالبہ کیاہے، اس سلسلے میں مسافروں سمیت عوامی، سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے لاری اڈہ جہلم سے دیگر شہروں اور اندرون شہر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کی لوٹ مار بارے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی بجائے 10 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس پر یکم مارچ سے عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ لیکن ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی کرنے کی بجائے از خود کرایوں میں اضافہ کرکے وصول شروع کررکھی ہے جو کہ مسافروں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔
193