107

پوٹھوہاری رائٹر زکلب کی ادبی نشست

پوٹھوہاری رائٹر زکلب پاکستان کے زیر اہتمام دوسری ماہانہ ادبی نشست 17 دسمبر 2023 بخاری ہاؤس مورگاہ راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔اس ادبی نشست کی صدارت معروف شاعر ومحقق ڈاکٹر سید طالب بخاری نے کی۔شاعر و براڈ کاسٹر محمد شریف شاد مہمان ِ خصوصی تھے براڈکاسٹر و گیت نگار عابد حسین جنجوعہ مہمان ِ اعزاز تھے۔نظامت کے فرائض راقم نعمان رزاق نے سر انجام دیے۔صدر ِ محفل کی اجازت سے محفل کاباقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت محمد جمیل جمیل نے حاصل کی۔راقم کی خصوصی درخواست پر میزبانِ محفل سید وقار حیدر بخاری نے بہت پیار بھرے انداز میں نعت رسولﷺ پیش کی۔حافظ محمد جمیل جمیل نے اپنی لکھی ہوئی پوٹھوہاری نعت شریف پڑھی جو حاضرینِ محفل کو بہت پسند آئی یوں اس ادبی محفل نے ایک روحانی ماحول بنادیا۔یہ خوبصورت ادبی وتنقیدی نشست اپنے موضوع ”ریڈیو راولپنڈی کے پوٹھوہاری پروگرامز“ کی خوبصورت یادوں سے یادگار ہو گئی۔صدر ِمحفل ڈاکٹر سید طالب بخاری نے فرمایا کہ ریڈیوراولپنڈی کا سب سے زیادہ مقبول ِعام پوٹھوہاری پروگرام ”جمہورنی واز“ہے۔اس پروگرام کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صدر پاکستان ایوب خان بھی اس پروگرام کو سنتے تھے۔یہاں تک کہ اُنھوں نے سید اختر جعفر ی کو ایوان صدر میں بلا کر اُن کے ساتھ چائے پینا پسند کی اور صدر ایوب خان کے کہنے پر اس پروگرام کا نام میرے خیال میں 1962 میں جمہوورنی واز رکھا گیا۔

مہمان خصوصی محمد شریف شادنے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا ریڈیو راولپنڈی کو یہ بہت بڑا اعزازحاصل ہے کہ ریڈیو کے آغاز کے فوراً بعد صرف اڑھائی ماہ بعد پنڈی دیس کے نام پوٹھوہاری پروگرام 15/11/1950میں شروع ہوا جو آج تک اپنی آب وتاب سے جاری ہے۔اس پروگرام کے ہیروز سید اختر جعفری اورسید تصدق اعجاز ہیں۔ جنہوں نے اس قدر جان دار پروگرام کا آغاز کیا کہ آج بھی لوگ راجا اور چوہدری کو یاد کرتے ہیں اور سننا پسند کرتے ہیں۔عابد حسین جنجوعہ نے گفتگو کرتے ہوئے ریڈیو پنڈی پروگراموں میں زرعی پروگرام”وسنے رہنڑ گراں“ ادبی پروگرام ”سخن مشالا ں“ کا خصوصی ذکر کیا اور طالب بخاری صاحب کے بارے میں فرمایا کہ اُنھوں نے پوٹھوہاری کے لیے ریڈیو اور پاکستان ٹیلی ویژن میں بہت کام کیا اُنھوں نے لاتعداد پوٹھوہاری مزاحیہ نظمیں اور گیت تحریر کیے اور اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی کہانیاں اور خاکے بھی لکھے۔نوید اسلم کہوٹ نے پوٹھوہاری پروگراموں کی بے حد تعریف کی اور بتایا کہ جھانجر پروگرام چکوال میں آج بھی بہت شوق سے سنا جاتا ہے اور لوگ خطوط لکھنا بہت پسند کرتے ہیں۔اس ادبی و تنقیدی حاضرین ِ محفل کی مجموعی گفتگو سے ریڈیو راولپنڈی سے نشر ہونے والے پوٹھوہاری پرگراموں اور سلسلوں جن میں مقبول عام راول رویل، پنجاب رنگ، سجری سویل،ویہڑا،گرا ں نی وسنی،چار گرائیں،توڑ ولائتو ں آیا اورہک ماھیا ہک گیت کا خاص طور پر تذکرہ کیا گیا اس موقعے پر اُن عظیم شخصیات کو بھی یاد کیا گیا۔

جو اپنی آواز اور تحریر سے ان پروگراموں میں خوبصورت رنگ بکھیرتے رہے اور گفتگو کے اختتام پر ڈاکٹر سید طالب بخاری اور نوید اسلم کہوٹ نے کلام بھی پیش کیا۔پروگرا م کے اختتام پر سید طالب بخاری نے تمام شعراء کا شکریہ ادا کیا کہ آپ نے مجھے بڑا اعزاز بخشا ہے۔میں آپ کے لئے دعا گو ہوں خداآپ کو برکتیں اور خوشیاں عطا کرے۔پوٹھوہاری رائٹرز کلب پاکستان کے ماہانہ نشست میں ڈاکٹر سید طالب بخاری،محمد شریف شاد،عابد حسین جنجوعہ،محمد جمیل جمیل،نوید اسلم کہوٹ،محمد آصف مغل، محمد شکیل سید وقار حیدر بخاری،محمد اسد اور نعمان رزاق نے شرکت کی۔پروگرام کے اختتام پر پوٹھوہاری و اردو شاعر جناب محمد آصف مغل نے اپنی کتاب ”جاودا ں منزل“ طالب بخاری شریف شاد،عابد حسین جنجوعہ اور محمد جمیل جمیل کو پیش کی۔یوں خوشگوار یادیں چھوڑتے ہوئے یہ محفل اختتام پذیر ہوئی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں