وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے2 ارب روپے سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرنے کافیصلہ کیاہے۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔انٹرنیشنل کوچز کو مقامی کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے پاکستان بھی بلایا جائے گا۔ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کو سپورٹس سکالر شپ دئیے جائیں گے۔نہ صرف پنجاب بلکہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو بھی بیرون ملک ٹریننگ کیلئے بھجوایاجائے گا۔اتھلیٹس،ریسلنگ، باکسنگ،ہاکی، فٹ بال،والی بال، بیڈ منٹن، باسکٹ بال، نیزہ بازی اوردیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صو بے میں کھلاڑیوں کیلئے سپورٹس ایریناکی سہولت فراہم کریں گے۔ انڈوومنٹ فنڈ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجودہے اور اس ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کیلئے انٹرنیشنل کوچز سے کھلاڑیوں کی تربیت ضروری ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔چیف سیکرٹری نے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے اہم خدوخال کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا۔ چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اسد اللہ خان اورڈی جی پی آر راؤ پرویزاختر نے اجلاس میں شرکت کی-
97