71

پنجاب بھر میں نائٹ سپورٹس ایونٹس کرانے کا اعلان

لاہور(نمائندہ پنڈی پوسٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر رمضان المبارک میں لاہور سمیت بڑے شہروں میں رات کو کھیلوں کے مقابلے کرانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ نائٹ سپورٹس ایونٹس کا 10 رمضان المبارک سے انعقاد کیا جائے گا۔ لاہو رسمیت بڑے شہروں میں ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ، فٹ بال اور ہاکی کے نائٹ مقابلے ہوں گے۔ محسن نقوی نے جشن بہاراں کے منتظمین اور سپورٹس مقابلوں میں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران نائٹ سپورٹس ایونٹس کے انعقاد کا اعلان کیا۔ محسن نقوی نے جشن بہاراں کے منتظمین اور سپورٹس مقابلوں میں پوزیشن لینے والے کھلاڑیوں کو وزیراعلیٰ آفس میں انعامی رقوم کے چیک اور منتظمین کو سرٹیفکیٹس دیئے۔ محسن نقوی نے 42کلو میٹر میراتھن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اتھلیٹ عامر سہیل کو 10لاکھ روپے کا چیک دیا۔ میراتھن میں دوسری پوزیشن پراسرار احمد کو 5 لاکھ اورتیسری پوزیشن پر عبدالرشید کو 3لاکھ روپے کے چیک دئیے گئے۔ فن ریس جیتنے پر عامر عباس کو 50ہزار، سمیع اللہ کو 35ہزار او راسامہ حسن کو 25ہزار روپے کے چیک دئیے گئے۔ خواتین کی میراتھن کا مقابلہ جیتنے پر رابعہ عاشق50ہزار، خدیجہ قادر 35ہزار اور کبریٰ صادق کو 25ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ 42کلو میٹر سائیکلنگ میں علی الیاس کو 4لاکھ، عبدالباسط کو 2لاکھ اور عاقب شاہ کو ایک لاکھ روپے کا چیک دیا گیا۔ خواتین سائیکلنگ کی ونر راجیہ شبیر کو 50ہزار، رضیہ حنیف کو35 ہزار اور زینب رضوان کو 25ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔محسن نقوی نے رستم پنجاب دنگل جیتنے پر عدنان ٹائراں والا کو 3لاکھ روپے کی انعامی رقم کا چیک دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جشن بہاراں کی تقریبات میں ہزاروں شہریوں کی شرکت خوش آئندامر ہے۔ نوجوانوں کے لئے مزید سپورٹس ایونٹ لے کر آئیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائرایجوکیشن،سی سی پی اولاہور،کمشنر،ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران کوتعریفی اسناد دی گئیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض،پنجاب سائیکلنگ ایسوسی ایشن، اتھلیٹک ایسوسی ایشن، ریسلنگ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں