پنجاب بار کونسل الیکشن، راولپنڈی ڈویژن کی 8 نشستوں پر کانٹے دار مقابلہ متوقع

ٹیکسلا۔ پنجاب بار کونسل الیکشن، راولپنڈی ڈویژن کی 8 نشستوں پر پولنگ آج ہو رہی ہے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلہ متوقع، تفصیلات کے مطابق پنجاب بار کونسل کے انتخابات آج بروز ہفتہ منعقد ہو رہے ہیں، جن میں راولپنڈی ڈویژن کی 8 نشستوں پر سخت اور کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ ان نشستوں میں راولپنڈی کی 5، اٹک کی ایک، جہلم کی ایک اور چکوال کی ایک نشست شامل ہے۔ راولپنڈی ڈویژن میں پنجاب بار کونسل کی 8 نشستوں پر مجموعی طور پر 34 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ڈویژن بھر میں 12 ہزار سے زائد مرد وخواتین وکلا ووٹ کے ذریعے 8 امیدواروں کا چناؤ کریں گے۔

راولپنڈی کی 5 نشستوں پر 24 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا جبکہ اٹک جہلم اور چکوال میں ایک ایک نشست پر 10 امیدوار مدمقابل ہیں ضلع راولپنڈی کی 5 نشستوں پر ابرار احمد، ارشد محمود جنجوعہ، اجمل رضا بھٹی، آصف توفیق اعوان، چوہدری عاصم یعقوب، سردار بہزاد اکرم، فخر عباس، فرخ عارف بھٹی، فخر حیات، سید حسن عباس، حیدر محمود مرزا، اعجاز حسین، محمد فیصل، خواجہ محمد امتیاز، ناہید ایوب راجہ، چوہدری قیصر مشتاق، ثمینہ جدون، شاہد محمود عباسی، شاہد محمود لنگڑیال، ثمر نوید، تسلیم عباسی، چوہدری تاجک، طارق محمود اور ظہیر حسن شاہ میدان میں ہیں۔

اسی طرح چکوال کی ایک نشست پر ملک اظہر حسین، طلعت محمود، راجہ ظہور اور ظہیر صدقال مدمقابل ہیں، ضلع اٹک کی ایک نشست پر رضوانہ راجہ، سید فیصل بخاری اور سردار توصیف کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ ضلع جہلم کی ایک نشست پر چوہدری عبد الطیف، راجہ گل زمان اور اکرام الحق شیخ مدمقابل ہیں سب ڈویژن ٹیکسلا میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹیکسلا باسط علیم کو ریٹرننگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔

الیکشن کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولنگ صبح 0830 بجے سے شام 0530 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹرز کی فہرستیں جاری کر دی گئی ہیں پولنگ اسٹیشنز میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران نے اپنی انتخابی مہم کا اختتام بھرپور سرگرمیوں کے ساتھ کیا۔ مختلف بار ایسوسی ایشنز میں وکلا کی بڑی تعداد الیکشن کے حوالے سے متحرک وفعال رہی ۔ امیدواروں اور ان کے حامیوں نے ووٹرز سے ملاقاتیں کیں، ووٹ کی اپیلیں کیں اور اپنی ترجیحات واضح کیں۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کی نشستوں پر مختلف بڑے چیمبرز نے اپنے امیدوار کھڑے کر رکھے ہیں۔

وکلا حلقوں کے مطابق اس بار کا انتخاب غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ منتخب ہونے والی پنجاب بار کونسل آئندہ 5 برس کے لیے وکلا کی نمائندہ باڈی کے طور پر قانون و انصاف کے نظام میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ وکلا برادری کی نظریں ان امیدواروں پر مرکوز ہیں جو وکلا کے مسائل، عدلیہ کے ساتھ تعلقات اور عدالتی اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔