106

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام

جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم بھاری تنخواہیں اور مراعات لینے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سبزیوں، پھلوں سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام، دکانداروں کی لوٹ مار کا سلسلہ عروج پکڑنے لگا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہریوں کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کر لی، سبزی فروشوں سے لیکر گوشت فروش، پھل فروشوں تک اپنے اپنے من پسند کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔پنجاب حکومت کی طرف سے گوشت کی فی کلو قیمت بالترتیب بڑا گوشت 450 روپے کی بجائے 700 فی کلو جبکہ چھوٹا گوشت 950 روپے کی بجائے 1200 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جس کیوجہ سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے، اسی طرح سبزیوں کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کر رہے ہیں مگر انکو کوئی پوچھنے والا نہیں، اس کے برعکس پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس چند افراد جن کا اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے ساتھ کوئی لین دین نہ ہے کو بلاکر کاغذی کارروائی کر دی جاتی ہے مگر اس کا عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں اور دکانداروں کی سرپرستی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ اشیاء ضروریہ سرکاری نرخ ناموں پر عام آدمی کی پہنچ میں آسکیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں