جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، افسران و عملے کی مبینہ ملی بھگت سے پاسپورٹ دفتر کے باہر ایجنٹوں کی بادشاہت قائم،”بغیر اضافی چارجز“دفتر میں سائلین کا داخلہ ناممکن ہو کر رہ گیا، جہلم پریس کلب کے سروے کے دوران ضلع بھر سے پاسپورٹ بنوانے کیلئے آئے ہوئے مرد و خواتین نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔تفصیلات کے مطابق ریجنل پاسپورٹ آفس کے باہر موجود سائلین نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاسپورٹ دفتر کے اندر موجود عملہ بے بنیاد اعتراضات لگا کر سائلین کو اپنے مخصوص ایجنٹوں کے پاس بھجوا دیتے ہیں، ریجنل پاسپورٹ دفتر میں روزانہ ضلع بھر سے درجنوں سے زائد مرد و خواتین پاسپورٹ بنوانے کیلئے دفتر آتے ہیں تاہم مذکورہ دفتر میں عملے کی کمی کو جواز بنا کر غیر متعلقہ افراد کو دفتری ذمہ داریاں سونپ رکھی ہیں،جس کیوجہ سے روزانہ شہریوں کی کثیر تعداد حصول ِ پاسپورٹ کے لئے دفتر کے باہر بڑی تعداد لائنوں میں لگ جاتی ہے، پاسپورٹ آفس کے فعال ہو تے ہی دفتر کے باہر ایجنٹ بھی چھریاں، چاقو تیز کرکے دور دراز سے آنے والے سادہ لوح افراد کی دستاویزات پر لگائے گئے اعتراضات کو دور کرنے کی غرض سے شکار کا انتظار کرنا شروع کر دیتے ہیں، پاسپورٹ دفتر کے باہر موجود ایجنٹوں نے دفتر کے اندر مبینہ طور پر عملہ سے گٹھ جوڑ قائم کر رکھا ہے، اس طرح جن سائلین کے کاغذات پر اعتراضات لگائے جاتے ہیں فوراً ایجنٹوں کو خبر کر دی جاتی ہے جونہی سائل خارجی گیٹ سے باہر نکلتا ہے، ایجنٹ اسے اعتراضات دور کرنے کی یقین دہانی کروا کر اپنے ٹھیے پر لے جاتے ہیں، اس طرح سادہ لوح افراد سے من مرضی کے پیسے وصول کرکے اسی فائل کو دوبارہ سے فعال بنا دیا جاتا ہے، پاسپورٹ دفتر کے باہر سائلین نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے کرپشن کے خاتمے کا اعلان کرکے ووٹ حاصل کئے جبکہ پاسپورٹ دفتر میں رشوت کا بازار گرم ہے، عملہ اور ایجنٹ مافیا نے ایک الگ ریاست قائم کر رکھی ہے، وزیرداخلہ کو چاہیے کہ جہلم فرض شناس، ایماندار، افسران و عملے کو تعینات کریں تاکہ شہری لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں۔
219