119

وزیر اعظم کی آمد پر لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سراپااحتجاج بن کر سڑکوں پر نکل آئے

امانت اﷲ
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے‘اسلام گڑھ
وزیر اعظم کی حلقہ میں آمد، لوڈشیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ شٹر ڈاؤن میرپور کوٹلی روڈ 2گھنٹے کے لیے بند کردی۔ وزیر اعظم چوہدری مجید لوگوں

کے حقوق کا استحصال کررہا ہے قربانی دینے والوں کو اندھیروں کی نذر کردیا گیا۔ عوامی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسلام گڑھ شہر کی حالت خراب، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد تعمیرات نہ کی جاسکی۔ نااہل وزیر اعظم عوامی نمائندگی کے حق کھو چکے ہیں۔ متاثرین منگلا ڈیم کو سسکتا بلکتا چھوڑ کر ایوانوں میں شخص کا اصل چہرا عوام نے دیکھ لیا۔عوامی حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے۔ مظاہرین سے نذیر انقلابی، سائیں ذوالفقار اور دیگر کا خطاب، تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی اپنے حلقوں میں آمد پر لوڈشیڈنگ اور مسائل کے ستائے عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ شٹر ڈاؤن کرکے پہیہ جام ہڑتال کرڈالی، اسلام گڑھ گردو نواح سے سینکڑوں افراد ہڑتال کا سن کر صبح ہوتے ہیں چوک شہیداں اسلام گڑھ پہنچ گئے اور میرپور کوٹلی روڈ بلاک کرکے وزیر اعظم، واپڈا اور محکمہ برقیات کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔ اس موقع پر مظاہرین نے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کا راستہ روکنے کی دھمکی دے دی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق امید وار اسمبلی محمد نذیر انقلابی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اپنے حلقے کے لوگوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہے ہیں۔ حلقے کے لوگوں کے مسائل میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ اسلام گڑھ کو ماتھے کا جھومر کہنے والوں نے اسلام گڑھ کا کچومر ہی نکال دیا ہے۔ ہم عوامی حقوق کا استحصال نہیں ہونے دیں گے اور لوگوں کے حقوق کے لیے ہر طرح کا احتجاج کریں گے۔ انھوں نے کہاہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے پرامن طور پر احتجاج کے لیے نکلے ہیں لیکن اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو پھر وزیر اعظم کے حلقہ نمبر 2میں داخلہ بند کر دیں گے۔ اس موقع پر سابق امید وار اسمبلی سائیں ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ چوہدری مجید نے وزارت عظمیٰ کے لیے اپنی غیرت کا سودا کردیا ہے۔ متاثرین منگلا ڈیم تین ماہ تک کراہتے اور بلکتے رہے لیکن وزیر اعظم اپنے حلقہ میں داخل نہیں ہوئے۔ چوہدری مجید سے کسی خیر کی توقع نہیں کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو پانی کی نذر کیا اور ملک پاکستان اور استحکام پاکستان کے لیے بڑی قربانی دی لیکن غدار وزیر اعظم اپنے لوگوں کے لیے آواز بلند نہ کرسکا۔ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ اگر فوری طور پر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو پھر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انجمن تاجراں کے صدر حاجی محمد یونس فائیکو نے اپنے خطاب کے دوران کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد شہر کی حالت زار کو درست نہیں کیا گیا ہے سڑک کی دو طرف نالیاں تعمیر نہیں کی گئیں پانی کی پائپ لائنیں ٹوٹی پڑی ہیں۔ دکانداروں کے کاروبار لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تباہ ہوچکے ہیں۔ لیکن مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ اس موقع پر سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ تصدق علی رفیقی، مرکزی رہنما ن لیگ راجہ محمدبوستان، سابق ڈسٹرکٹ کونسلر چوہدری محمود، مسلم لیگ حلقہ نمبر 2 کے صدر چوہدری طالب حسین، حاجی محمد ظہیر عباس اور چوہدری رخسار احمد نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام گڑھ کی غیور عوام نے مثالی ہڑتال کرکے غیرت کا ثبوت دیا ہے اور یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم لوگ اپنے حقوق کے لیے مرنے کٹنے کے لیے تیار ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اسلام گڑھ میں 5 سو بستر کے ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنانے کے دعوئے کرنے والے وزیر اعظم نے عوام کو بے یار ومدد گار چھوڑ دیا ہے اور عوامی مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈیم کے لیے قربا نیاں دینے والوں کے شہر کو لوڈشیڈنگ س استثنیٰ قرار دیا جائے وگرنہ وزیر اعظم کو حلقہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آج صرف ٹریلر چل رہا ہے جب فلم چلے گی تو وزیر اعظم کے ہوش بھی ٹھکانے آئیں گے۔ انھوں نے کہا ہے کہ غیرت مادری اور عوام کا سودا کرنے والے وزیر اعظم کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر استعفیٰ دے دے۔ مظاہرین نے دو گھنٹے تک سڑک کو بلاک رکھا جس کے بعد اے سی چوہدری امجد سے کامیاب مذاکرات کے بعد سڑکوں کو کھول دیا گیا۔
وزیر اعظم کی آمد پرعوام   کی کال  ہڑتال پر انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی
امانت اﷲ
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے‘اسلام گڑھ
وزیر اعظم حلقہ میں آمد پر ہڑتال کی کال ، انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی۔ رات گئے تک مذاکرات کے لیے انتظامیہ اسلام گڑھ میں بیٹھی رہی ہڑتال کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے اراکین کی طرف سے نولفٹ پر انتظامیہ بغیر مذاکرات کئے واپس لوٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی حلقہ نمبر 2 میں آمد پر لوڈشیڈنگ کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال کے بعد اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک طرف انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی تو دوسری طرف ہڑتال کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی کے اراکین نے اپنے فون بند کردیئے اور مذاکرات کرنے سے انکار کردیا اور صبح ہوتے ہی جم سڑکوں پر نکل آیا جس نے انتظامیہ میں مزید کھلبلی مچادی۔

انتظامیہ کی کامیاب عملی سے وزیر اعظم کی آمد سے قبل سڑک بحال کر دی گئی
امانت اﷲ
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے‘اسلام گڑھ
سینکڑوں مظاہرین اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔ انتظامیہ کی کامیاب حکمت عملی اور مذاکرات کی وجہ سے عوام نے وزیر اعظم کی آمد سے قبل ہی سڑک کھول دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام گڑھ میں لوڈشیڈنگ کے لیے نکلنے والی عوام اور ضلع بھر سکی پولیس نفری آمنے سامنے آگئی۔ مظاہرہ ایسے حالات پیداہوگئے تھے کہ شائد انتظامیہ وزیر اعظم کے لیے راستہ کھولوانے کے لیے طاقت کا استعمال کرے لیکن اے سی چوہدری امجد کی کامیاب حکمت عملی کی وجہ سے مظاہرین اور انتظامیہ کے درمیان معاملات یکسو ہوگئے اورمشتعل مظاہرین نے سڑک کھول دی۔

 

نیشنل یوتھ لیگ نوجوانوں کی آواز بن کر ابھرئے گئی‘علی رضا
امانت اﷲ
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے‘اسلام گڑھ
نیشنل یوتھ لیگ کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی۔ نیشنل یوتھ لیگ نوجوانوں کے لیے مضبوط جماعت ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل یوتھ لیگ کے متحرک مرکزی رہنماء علی رضا، شاداب غضن، راشد رمضان، چوہدری طیب یوسف اور دیگر نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ لیگ نوجوانوں کی مضبوط ترین جماعت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوجوان جوق درجوق مختلف مقامات سے شمولیت کا اعلان کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ نیشنل یوتھ لیگ نوجوانوں کی آواز بن کر اُبری ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہم سردار حسنین، ارشد نثار مغل اور انیس حنیف کو اپنے ساتھیوں سمیت وادی کھوئی رٹہ سے نیشنل یوتھ لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ حسنین سکندر ایک متحریک نوجوان ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ یوتھ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
گرلز مڈ ل سکول کھنگال اور پرائمری سکول میں سٹاف کی کمی پوری کی جائے‘منظور حسین
امانت اﷲ
پنڈی پوسٹ ڈاٹ پی کے‘اسلام گڑھ
کھنگال یونین کونسل کنیلی کی سیاسی و سماجی رہنماؤں چوہدری محمد صدیق، چوہدری منظور حسین نے کہا ہے کہ گرلز مڈل سکول کھنگال اور پرائمری سکول میں سٹاف کی کمی کوپورا کیا جائے۔ ایک ایک ٹیچر پر دونوں سکول چل رہے ہیں۔ ایلمنٹری نتائج کا غیر معیاری آنا سٹاف کے نہ ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام گڑھ پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا ہے کہ کھنگال کے دونوں سکول اس وقت صرف ایک ایک ٹیچرز پر چل رہے ہیں۔ جو کہ بچوں اور والدین کے ساتھ سراسر ناانصافی اور ظلم ہے۔ متعدد بار محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے سٹاف کی کمی کی شکایت کی ہے لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ ہم بذریعہ پریس ایک بار پھر وزیر تعلیم اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع میرپور اپیل کرتے ہیں کہ کھنگال کے پرائمری اور گرلز مڈل سکولوں میں سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ آئندہ رزلٹ تسلی بخش رہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ حالیہ نتیجہ غیر معیاری آنے پر موجودہ اساتذہ کا کوئی قصور نہیں ایک ایک ٹیچر سارا سکول کیسے چلائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں