خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد تحریک انصاف نے عوامی رابطہ مہم تیز کر دی ہے یہی وجہ کے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خود عوامی رابطہ مہم کا حصہ بننے اور عوامی جلسے کرنے کا اعلان کیا اسی سلسلے میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے اچانک راولپنڈی کا دورہ کیا جس میں تمام تر صوبائی اور قومی اسمبلی ممبران کو مدعو کیا گیا تھا اجلاس میں جہاں بلدیاتی انتخابات سے قبل ممبران قومی اسمبلی کو متحرک ہونے کا حکم دیا گیا اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور عوام کو اپنے جاری ترقیاتی کام اور حکومت کے اچھے اقدامات بتانے پر زور دیا تو وہی پر انکے دورہ سے راولپنڈی کی عوام کے لیے بہت سے ترقیاتی کاموں کے اعلانات بھی کیے گئے کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، صوبائی وزراء راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان، ملک انور، راجہ راشد حفیظ، یاسر ہمایوں، یاور بخاری سمیت راولپنڈی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور خواتین ارکان اسمبلی بھی موجود تھی جہاں راولپنڈی ڈویژن کے وزراء اور ارکان اسمبلی نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات پیش کیں جنکو وزیراعلی نے خود نوٹ کیا وزیر اعلی نے اراکین سے کہا کہ پنجاب میں اتنے کام کئے ہیں کہ بتانے کیلئے بہت سا وقت درکار ہوگاپنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ پیش کرنے کا اعزاز حاصل کیا اس کے علاوہ 54 فیصد ترقیاتی فنڈ پنجاب نے استعمال کرکے باقی صوبوں کی نسبت ریکارڈ قائم کیا یہ سب باتیں عوام کو بتائیں اپنے تمام تر پراجیکٹ کو عوام کے سامنے لائیں انھوں نے بتایا کہ وہ اب خود بھی ہر ڈویژن میں جا کر عوامی نمائندوں سے ملاقات کا سلسلہ دوبارہ شروع کر رہے ہیں اور پنجاب میں ہم بلدیاتی الیکشن میں اچھے اور قابل اعتماد لوگوں کو سامنے لائیں گے اور لوکل گورنمنٹ کے امیدواروں کا فیصلہ باقاعدہ بورڈ کرے گا انھوں نے بتایا کہ ہر ڈسٹرکٹ کو میگا پراجیکٹ دیے اور مجھے ایک ایک میگا پراجیکٹ یاد ہے کیونکہ اسکی خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں پنجاب میں 23 نئے ہسپتال، 158 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی گئی 12 نئی یونیورسٹیوں کا چارٹر فائنل ہو چکا ہے جلد منظوری کیلئے پیش کریں گے 5 نئے ڈیم بنا رہے ہیں جن کی گنجائش ماضی میں بنے ہوئے 58 ڈیموں سے بھی زیادہ ہوگی مری میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے، سیف سٹی پراجیکٹ بھی دیں گے صوبے بھر میں ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتوں کی فراہمی کا پہلا مرحلہ شروع ہو چکا ہے اس موقع پرکمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ڈویلپمنٹ پروفائل کے بارے میں بریفنگ دی راولپنڈی ڈویژن میں 207 ارب روپے سے 3631 جاری اور نئے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے راولپنڈی ڈویژن میں اے ڈی پی کے 765 اور سی ڈی پی کے 851 منصوبے شامل ہیں راولپنڈی ڈویژن میں آر اے پی کے 22 اور ایس اے پی کے 1993 ترقیاتی منصوبے بھی شامل ہیں راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ ٹریفک کے مسائل حل کرے گا لئی ایکسپریس وے اور فلڈ چینل کا منصوبہ 30 ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اٹک اور چکوال میں نئی یونیورسٹیاں بنائیں گیراولپنڈی میں 3 پارکنگ کم کمرشل پلازے بنائے جائیں گے آر پی او راولپنڈی کی امن و امان اور دیگر سکیورٹی امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مری میں نیا سب ڈویژن قائم کر دیا اور مری کے 2 تھانے بھی جلد فعال کر دیئے جائیں گے۔حکومتی جماعت نے بلدیاتی انتخابات کی آمدکے ساتھ ہی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے سرجوڑ لیے ہیں خیبر پختونخواہ اور ضمنی انتخابات میں مسلسل شکست کے بعد حکومتی اراکین نے سنجیدگی سے سوچنا شروع کر دیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ اپوزیشن حکومتی سرگرمیوں کے ردعمل میں کون سے اہم نکات پر عمل در آمد کرتی ہے۔
