وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے علاقوں مہمند، لکی مروت اور ٹانک میں فتنۂ خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے گئے کامیاب آپریشنز پر فورسز کے افسران و اہلکاروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم نے ان کارروائیوں کے دوران 7 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کی تعریف کی۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ “مجھ سمیت پوری قوم، وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔”وزیرِ اعظم نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی، امن اور استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔