134

نوجوان نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنے کیلئے عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا‘ غلام مرتضی ستی

کلر سیداں ‘پی ٹی آئی کے سینئر رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں ہماراکوئی ذاتی ایجنڈا نہیں گروی سیاست کا خاتمہ کرنے اور اپنی نوجوان نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنے کیلئے عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا وگرنہ آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کلر سیداں کے نواحی علاقہ کنوہا موہڑہ وینس میں پی ٹی آئی ضلع راولپنڈی کے سینئر نائب صدر راجہ اظہر اقبال کی رہائش گاہ پر عمران خان کے استقبال کے سلسلہ میں منعقدہ ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پٹواریوں اور تحصیلداروں سے منتھلیاں وصول کرنے والوں نے ہماری پارٹی کو نقصان پہنچایا۔طاغوتی طاقتیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔انہوں نے پارٹی میں گھسے غیر نظریاتی لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ خود ہی ہماری صفوں سے نکل جائیں وگرنہ ہم خود انہیں باہر نکالنے پر مجبور ہو جائیں گے۔سابق ایم پی اے کرنل (ر) محمد شبیر اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضمنی الیکشن میں عمران خان کے نام اور محنت سے 70 ہزار ووٹ حاصل کئے مگر رزلٹ آنے پر مایوسی ہوئی۔ساڑھے تین برس تک لوٹا ایم پی اے ہماری پارٹی کو نقصان پہنچاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کلر سیداں میں ہونے والی تنظیم سازی میں مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے نظریاتی کارکن نظر انداز ہوئے اور پارٹی کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے بعد سب کا احتساب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وہ نیوٹرل سے ہارے ہیں نہ ہی الیکشن کمیشن نے انہیں شکست دی بلکہ پارٹی کی آستتینوں میں چھپے میر جعفر اور میر صادق ان کی شکست کا سبب بنے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی اعلی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں ایک جانبدار کمیٹی تشکیل دیں تا کہ پارٹی کیساتھ غداری کرنے والوں کے چہرے سامنے آ سکیں۔پی ٹی آئی ضلع راولپنڈی کے نائب صدر راجہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی حاصل کئے بغیر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔سابق تحصیل صدر حافظ ملک سہیل اشرف نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عمران خان جس حقیقی آزاد ی کی جنگ لڑ رہے ہیں اس میں عمران خان کا ساتھ دینا وقت کی ضرورت بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور کرپشن سے آلودہ وزیر اعظم اور اس کی پوری ٹیم کو اب جانا ہوگا۔بریگیڈئیر (ر) شاز الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی میں اب بھی اختلافات کا خاتمہ نہ کیا گیا تو عام انتخابات میں الیکشن جیتنا ہمارے لئے ناممکن ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پورا ریاستی نظام ایک شخص کیخلاف ہے۔ہمیں اپنی ذات کا نہیں نظریات کا ساتھ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے چار سالوں میں ہماری تباہی کی ان کا احتساب ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں جس شخص نے گروپ بندی ڈالی اس کا بھی ہم سب کو علم ہے۔راجہ اظہر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر آج عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔ہم عمران خان کے دست و بازو ہیں اور انشاء اللہ ان کی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔شعبہ خواتین کی سابق صدر نبیلہ انعام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہماری نوجوان نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے نکلے ہیں۔عمران خان کی صورت میں اگر آج ہمیں ایک سچا اور ایماندار لیڈر میسر آیا ہے تو اس کی قدر کریں۔بانو جہانگیر راجہ ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 70 سالوں میں عوام کو استعمال کیا گیا مگر انہیں شعور پہلی بار عمران خان کے دور اقتدار میں ملا۔عمران خان نے ہمیں اپنے حق کیلئے لڑنا سیکھایا مگر جو حق کیلئے آواز بلند کرتا ہے اسے غدار کہہ کر خاموش کروانے کی کوشش کی جاتی ہے مگر اب ایسا نہیں ہو گا کیونکہ عمران خان پرانی روایات کو توڑنے جا رہے ہیں۔عمران خان نے سیاسی اقدار کو بدلنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور یہ بدل کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آج آزادی اور خودمختاری کی جنگ ہے۔آج ہمیں مفادات کی جنگ سے باہر نکلنا ہو گا۔تقریب سے پی ٹی آئی تحصیل کلر سیداں کے صدر یاسر منصور،سابق چیئرمین یوسی سموٹ راجہ اصغر کیانی، صوبیدار میجر چوہدری محمد ارشاد،سابق نائب ناظم راجہ مجید احمد،ناصر جاوید،راجہ عبدالحمید،محترمہ برجیس جیلانی اور سعیدہ عباس سمیت دیگر ورکروں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں