نافرمان بیٹوں کے ظلم و ستم سے تنگ بوڑھا والد انصاف کے حصول کے لیے عدالت پہنچ گیا، سول جج نے نافرمان بیٹوں کو تیرہ جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ تین مرلہ سکیم کے رہائشی حفیظ احمد نے محمدافتخار الحق ایڈووکیٹ اور ساجد حسین منہاس ایڈووکیٹ پر مشتمل پینل کے ذریعے عدالت میں مقدمہ دائر کیا اور موقف اختیار کیا کہ اس کی اہلیہ 2018ء میں فوت ہوئیں۔امسال ماہ جون میں اس کے بیٹوں عبدالمتین اور محمد معین نے مار پیٹ کر گھر سے نکال دیا اور گھریلو سامان پر قبضہ کر لیا، تھانہ سٹی کاروائی کے لیے درخواست دی مگر پولیس نے کوئی کاروائی نہ کی جس پر تحفظ حقوق والدین آرڈیننس کے تحت ڈپٹی کمشنر چکوال کو درخواست گزاری اور اسسٹنٹ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کے حکم پر دونوں بیٹوں کو مکان خالی کرنے کا نوٹس دیا۔ دونوں بیٹوں نے مکان خالی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے والد کا سارا سامان بھی قبضہ میں لے لیا اور اٹھا کر لے گئے۔ جس پر حفیظ احمد نے اپنے بیٹوں کے خلاف کاروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔سول جج ثوبیہ ترمذی نے دونوں بیٹوں کو تیرہ جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔