راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ) سی سی ڈی اور مندرہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر خطرناک اسلحہ کی تشہیر کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ زیر حراست ملزمان کے قبضے سے تین رائفلیں، 13 میگزینز، گولیاں اور دیگر خطرناک اشیاء برآمد کر لی گئیں۔
پولیس کے مطابق برآمد شدہ اسلحے میں ایک کلاشنکوف، ایک رائفل ایم-4 اور ایک دیگر رائفل شامل ہے۔ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چند افراد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر خطرناک اسلحے کے ساتھ ویڈیوز بنا کر انہیں وائرل کر رہے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ اسلحے کی تشہیر قانوناً جرم اور ناقابل برداشت ہے۔ کسی کو بھی عوام کے لئے خوف کی علامت نہیں بننے دیا جائے گا، ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں