ممتاز مزاح نگار ڈاکٹر مشتاق احمد سحر کی تصنیف اردو کی غیر طبقاتی کتاب کی تقریب رونمائی

انجمن ترقی پسند مصنفین اسلام آباد مرکز ا،ادبی یونٹ کے زیر انتظام  ڈاکٹر مشتاق احمد سحر کی  تصنیف اردو کی غیر طبقاتی کتاب کے حوالے سےایک پروقار تقریب ممتاز ادیب نسیم سحر کی صدارت میں منعقد ہوئی۔  طنز ہ مزاح کے حوالے سے یہ ڈاکٹر سحر کی چوتھی کتاب تھی ۔جس کی پذیرائی ارباب فن نے دل کھول کر کی۔مہمان خصوصی سید ماجد شاہ تھے جبکہ مہمانان اعزاز میں ڈاکٹر مظہر عباس رضوی،ڈاکٹر فوزیہ چوہدری اور ڈاکٹر فرحت عباس شامل تھے۔ نظامت کے فرائض صباح کاظمی نے انجام دئیے اور  سارے پروگرام کے دوران ڈاکٹر مشتاق کی کتابوں سے اقتباسات، لطیفے اور چٹکلے سنا سنا کر محفل کو زعفرانِ زا بنائے رکھا ۔

جمال زیدی،معظمہ تنویر، فاطمہ عثمان،عبید بازغ امر،ڈاکٹر فوزیہ چوہدری، ڈاکٹر مظہر عباس رضوی ،ماجد شاہ اور صدر محفل نسیم سحر نے ڈاکٹر مشتاق احمد کی شخصیت اور فن کے حوالے سے مضمون پڑھے۔اظہار خیال کرنے والوں میں ڈاکٹر فرحت عباس اور کرنل سیف اللہ کے نام شامل ہیں۔اس موقع پر اٹک سے آئے ہوے اسکالر محمد داود نے ڈاکٹر مشتاق پر لکھا ہوا اپنا تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ڈاکٹر مشتاق احمد سحر نے تنظیم کے منتظمین ڈاکٹر عبید بازغ امر ناصر عباس چوہدری  اور ڈاکٹر جاوید منیر کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنا ایک منتخب مضمون سنا کر محفل میں مسکراہٹوں اور قہقہوں کے رنگ بکھیر دئیے تقریب میں ادیبوں شاعروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی