126

ملہال مغلاں‘دوپولیس ملازم رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

چکوال(نمائندہ پنڈی پوسٹ)انٹی کرپشن پولیس کا ملہال مغلاں پولیس چوکی پر چھاپہ، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار، انچارج پولیس چوکی سمیت تینوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا، کاروائی ابرار حسین نامی شخص کی تحریری درخواست پر عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ہونے والے پولیس اہلکاروں ہیڈ کانسٹیبل عمران بشیر اور کانسٹیبل کامران محمود نے موٹرسائیکل سوار دانیال ابرار اور حمزہ فیاض کو موٹرسائیکلوں سمیت پکڑ کر پولیس چوکی ملہال مغلاں پر بند کیا اور ان پر تشدد کیا۔ درخواست گزار۔لڑکوں کو چھڑانے کے لیے پہنچاتو ہیڈ کانسٹیبل عمران بشیر اور کانسٹیبل کامران محمود نے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رشوت طلب کی۔ درخواست گزار نے ایک لاکھ روپے ادا کیے مگر اس کے باوجود دونوں پولیس اہلکاروں نے لڑکوں کو نہ چھوڑا،درخواست گزار نے انچارج پولیس چوکی اے ایس آئی عبدالرزاق سے رابطہ کیا تو اس نے بھی اپنے پیٹی بھائیوں کا ساتھ دیا اور بقایارقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔جس پر درخواست گزار ابرار حسین نے انٹی کرپشن سے رجوع کیا اور انٹی کرپشن نے اچانک ملہال مغلاں پولیس چوکی پر چھاپہ مارا جہاں پر ہیڈ کانسٹیبل عمران بشیر اور کانسٹیبل کامران محمود درخواست گزار سے تیس ہزار روپے کی رشوت(نشان زدہ نوٹ) وصول کر رہے تھے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے تھانے بند کر دیا گیا۔ جبکہ انٹی کرپشن چکوال میں انچارج پولیس چوکی اے ایس آئی عبدالرزاق،ہیڈ کانسٹیبل عمران بشیر اور کامران محمود کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیاہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں