194

ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سپورٹس پروگرام کا افتتاح آج ہو گا

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیراعظم عمران خان ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کھیلوں کے پروگرام کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کا افتتاح آج اسلام آباد میں کریں گے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار کامیاب جوان پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے نوجوانوں کو غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں مصروفِ عمل رکھنے کے لئے چار ارب روپے کے 4 نئے منصوبے شروع کئے گئے ہیں جس میں کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو جیسا میگا پراجیکٹ بھی شامل ہے۔پاکستانی کے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر مواقع فراہم کرنے اور کامیاب بنانے کے لئے منصوبے کے پہلے فیز میں 12 کھیل بشمول ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ریسلنگ، ویٹ لفٹنگ، اسکواش، والی بال، اسکی ، جوڈو، باکسنگ اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔مہم میں ملک بھر میں 11 سے 25 سال کے نوجوانوں بشمول خواتین کے لئے کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔کھیلوں کے یہ مقابلے ملک کے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 25 علاقہ جات میں منعقد کئے جائیں گے اور ایک کروڑ نوجوانوں کو سیلکشن کے عمل سے گزارا جائے گا۔ کھیلوں میں کامیابی حاصل کرنے والےنوجوانوں کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی.

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں