نبی کریم ﷺکی زندگی مبارک میں بھی ہر طرح کے سخت حالات آئے جس میں اُمت کے لیے ثابت قدمی کا درس موجود ہے۔ ایسے ہی صحابہ کرام ؓ کی زندگیوں سے ہمیں ثابت قدمی کا درس ملتا ہے۔پیشانیوں کا نور اللہ کے حضور سجدوں سے حاصل ہوتا ہے اس کے علاوہ ممکن نہیں۔جنہیں معیت محمد الرسول اللہ ﷺ نصیب ہوتی ہے ان کے کردار ایسے ہوجاتے ہیں کہ غیر مسلم کو دین کی طرف لانے کا سبب بن جاتے ہیں۔جہاں حق کا انکار کیا جاتا ہے اُسے اقرار تک لانے کا سبب بن جاتے ہیں۔ امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا گلاسگو (انگلینڈ) میں سراجا منیرا کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کائنات کا کوئی بھی کام اتفاق سے نہیں ہو رہا بلکہ ہر کام ایک مضبوط نظام کے تحت اللہ کریم کے حکم سے ہو رہا ہے ایک ٹہنی سے جو پتہ بھی ٹوٹ کر گرتا ہے اُسے کہاں خاک ہونا ہے سب ایک مضبوط نظام کے تحت ہو رہا ہے۔قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ اپنی نگاہ کو اُٹھاؤ آسمانوں کی طرف تھک کر نگاہ لوٹ آئے گی کوئی نقص نہیں تلاش کر سکو گے۔زندگی کا جو لمحہ اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے حکم کے مطابق ہوگا وہ قیمتی ترین ہوتا چلا جائے گااور عبادت کا درجہ بھی نصیب ہوگا۔اور یہی زندگی کا مقصد ہے کہ اپنی ہر سوچ اور عمل کو اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے تابع کر دیا جائے۔اللہ کریم کی رضا ہی اصل کامیابی ہے۔ہر ایک نے ایک دن اللہ کے حضور اپنا حساب دینا ہے جس کی تیاری ہمیں اسی زندگی میں کرنی ہے۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔ آخر میں انہوں امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے اجتماعی دعا بھی فرمائی۔ یاد رہے کہ گلاسگو میں حضر ت جی کے دورہ برطانیہ کا آخری پروگرام ہے اس کے بعد آپ کی پاکستان واپسی ہو گی۔مرکز دارالعرفان منارہ میں 35 روزہ سالانہ روحانی اجتماع 28 مئی سے 3 جولائی 2022 تک جاری رہے گا۔جس میں روزانہ دن بارہ بجے آپ کا خصوصی خطاب ہو گا۔سالکین پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی اپنی روحانی تربیت کے لیے تشریف لاتے ہیں۔
156