170

مری ٹریفک بہاؤ میں کمی کیلئے کمرشل کوریڈور بنانے کا فیصلہ

پنڈی پوسٹ نیوز/کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ نیو کمرشل کوریڈور کا منصوبہ جسے مری کا مال روڈ ٹو کا نام دیا گیا ہے علاقہ میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کا باعث بنے گا جس سے کاروبار اور روزگار کے لئے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی طرز پر بننے والے اس منصوبہ کی لاگت کا جلد از جلد تخمینہ لگایا جائے۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں ‘مری میں نیو کمرشل کوریڈور’ کے منصوبہ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر فنانس اینڈ پلاننگ نازیہ پروین سدھن, اسسٹنٹ کمشنر مری وقار حسین اور اربن یونٹ کے ارکان بھی شریک ہوئے -کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر)محمد محمود نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے جامع ماسٹر پلان مرتب کیا جائے جس میں تمام تکنیکی مسائل اور پہلوؤں، اور مستقبل میں مزید توسیع کی گنجائش کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے لئے 1.3کلومیٹر طویل اور 510-کنال رقبہ پر مشتمل علاقہ تجویز کیا گیا ہے جو مری ایکسپریس وے کے ساتھ موضع ادواڑی اور موضع رکھ الف چرہان کے درمیان واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ ٹو کے منصوبہ سے نہ صرف مال روڈ پر رش میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ مری میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری ہو گی اور سیاحوں کو جدید ترین سہولیات بھی میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ مری کی دلکشی پورے ملک کے سیاحوں کے کشش کا باعث ہے اور ہر سال ساڑے سات کروڑ سیاح مری میں آتے ہیں مگر مری میں موجود سہولیات ان کے لئے ناکافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ ٹو کے منصوبہ سے ٹریفک کے مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی اور مری میں سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔کمشنر راولپنڈی کو منصوبہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں