این اے 57 سے مستعفی رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے مری ضلع کے قیام پر پارٹی قائد عمران خان اور پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مری ضلع تحصیل ہائے مری اور کوٹلی ستیاں پر مشتمل ہو گا جبکہ حلقے میں شامل دیگر تحصیلیں کہوٹہ اور کلرسیداں بدستور ضلع راولپنڈی کا حصہ رہیں گی انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ضلع مری کے قیام سے خطے میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال،ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈی پی او، ڈسٹرکٹ کورٹس، سی ای او ایجوکیشن اور سی ای او ہیلتھ کے ساتھ ساتھ دیگر 31 محکموں کی ضلعی دفاتر کے قیام کے علاؤہ عملہ تعینات کیا جائے گاتقریبا تین ہزار چھ سو افراد پر مشتمل اسٹاف اس علاقے کے نظم ونسق کو سنبھالے گا۔علاقے میں سیاحت انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مختلف خدمات کو عوام دوست اور سیاح دوست بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوں نے اہلیان کوہسار کو پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں کی طرف سے یہ تاریخ ساز تحفہ ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے منتخب نمائندوں نے اہلیان کوہسار کی نہ صرف تقدیر بدل دی ہے بلکہ اس تاریخ ساز منصوبے سے علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
