مری(نمائندہ پنڈی پوسٹ)مری عید الفطر پرسیاحوں کے لیے 7 سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹریفک کو مانیٹر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن ریٹائرڈ قاسم اعجاز نے اجلاس میں بریفنگ دیتےہوئے کیا۔اجلاس کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت جناح ہال مری میں ہواجس میں عید الفطر کے موقع پر سیاحوں کے لیے انتظامیہ کی طرف سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آر پی او راولپنڈی سید خرم علی شاہ ʼ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہʼ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اے ڈی سی آر مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز نے کہا کہ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ کی مشینری ہنگامی صورتحال کی صورت میں موجود رہے گی۔ آر ڈبلیو ایم سی کے اہلکار صفائی کیلئے ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی ۔ کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کو مری میں عید الفطر کے موقع پر خوش آمدید کہے گی۔
134