175

محکمہ مال کیساتھ ملی بھگت،شہید کی بیوہ سے زمین ہتھیا لی گئی

خوشاب (نمائندہ پنڈی پوسٹ) سگے بھائی نے شہید کی بیوہ اپنی سگی بہن کو بھی نہ بخشا محکمہ مال کے پٹواری کے ساتھ مل کر کروڑوں روپے کی قیمتی جائیداد ہتھیا لی۔ انٹی کرپشن نے جرم ثابت ہو نے پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع خوشاب کی تحصیل نوشہر ہ وادی سون کے گاوں سوڈھی جے والی کی رہائشی شہید کی بیوہ رحمت خاتون نے ڈائریکٹر انٹی کرپشن سرگودھا کو درخواست گزاری کے اس کے والد کی طرف سے ملنے والی زمین اس کے حقیقی بھائی نے محکمہ مال کے پٹواری سے ملی بھگت کر کے پہلے والدہ کے نام اور بعد ازاں اپنے بیٹوں کے نام انتقال کرا لی ہے جس پر ڈائریکٹر انٹی کرپشن سرگودھا نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاطف شوکت کو انکوائری کرنے کا حکم دیا۔دوران انکوائری یہ بات ثابت ہو ئی کہ محکمہ مال کے پٹواری نے بھاری رشوت کے عوض رحمت خاتون کا قیمتی رقبہ کسی اور خاتون کے جعلی انگوٹھے لگوا کرپہلے عطامحمدکی والدہ اوربعد ازاں اس کے بیٹوں کے نام منتقل کر دیا انکوائری آفیسر نے پرت سرکار پر لگے نشان انگوٹھا کو فرانزک کے لئے لیبارٹری بھیجا جہاں یہ بات ثابت ہو گئی کہ یہ نشان انگوٹھا رحمت خاتو ن کے نہیں بلکہ کسی اور عورت کے ہیں۔الزام ثابت ہو نے پرتھانہ انٹی کرپشن جوہرآباد نے عطا محمد ولد غلام محمد، نمبردا ر اختر حسین شاہ ولد شرف شاہ نمبردار موضع، مشتاق احمدولد محمد فیروزشناخت کنندہ، رشید احمد پٹواری، گرداور حلقہ و ریونیو آفیسر حلقہ کے خلاف زیر دفعہ 471,419/468PCA ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔متاثرہ خاتون رحمت بی بی نے وزیر اعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک شہید کی بیوہ ہے اور اس کے ساتھ فراڈ کر کے سخت زیادتی کی گئی فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اس کو اس کا حق دلوا یا جا ئے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں