229

محکمہ جیل خانہ جات میں ہزاروں بھرتیوں کی منظوری

لاہور(نمائندہ پنڈی پوسٹ) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جیل خانہ جات میں واچ اینڈ وارڈ سٹاف کی 4 ہزار 662 آسامیوں پر بھرتی کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صد ارت جیل اصلاحات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، آئی جی جیل خانہ جات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے قیدیوں کے اہل خانہ سے رابطے کیلئے مزید پی سی او قائم کرنے کی ہدایت کر دی۔اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بیمار قیدیوں کو جیل ہسپتال سے دوسرے ہسپتال شفٹنگ کے لیے پہلے مرحلے میں 22 ایمبولینس گاڑیاں فراہم کی جائیں گی، اگلے سال مزید 21 ایمبولینس گاڑیاں دی جائیں گی، مستحق اور کم عمر قیدیوں کو مفت کال کی سہولت دی جائے گی، ساہیوال میں پنجاب پریزن سٹاف ٹریننگ کالج قائم کیا جائے گا، 10جیلوں میں اضافی بیرکس بنائی جائیں گی، اخوت محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین کو گھر بنانے کیلئے قرضے فراہم کرے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جیلوں میں سولرائزیشن کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ہر جیل کی کنٹین پر معیاری اشیاء کی ڈی سی ریٹ پر فراہمی یقینی بنائی جائے، غیر معیاری اشیاء اور گراں فروشی کی شکایت پر جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف کارروائی ہوگی، 42 جیلوں میں لائرزفسیلٹیشن سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں، جیلوں میں ٹی وی، گیزر، واٹر کولر اور پنکھے فنکشنل رکھے جائیں، جیلوں کیلئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو فٹ بال سازی اورٹریک سوٹ سینے پر معاوضے کا پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے جاری ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں