461

محمد عدیل‘ستار نواز

خطہ پوٹھوہار کی ثقافت میں محافل شعر خوانی کا انعقاد بہت اہمیت کا حامل ہے اور ستار محفلِ شعر خوانی میں ”صدر“ مقام رکھتی ہے کیونکہ شعر خوانوں سے لے کر سامعین تک ہر ایک ستار کے سازوں میں منہمک ہو کر ہی کلام کی گہرائیوں میں غوطہ زنی کرتا ہے بلکہ بعض حضرات تو صرف ستار سننے کے لیے ہی میلوں کا سفر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

تاریخ بہت سے ایسے ستار نوازی کے ماہرین سے درخشاں کہ جن کی فنکاری نے صاحبانِ ذوق کے احوال پر وہ اثرات مرتب کیے کہ جن کے نقوشِ فن ہمیشہ اظہر من الشمس رہیں گے۔ نوجوان فنِّ ستارنوازی کے ماہرین میں شہباز پوٹھوہار راجہ ساجد محمود صاحب کے بھتیجے محمد عدیلؔؔ صاحب کا نام سر فہرست ہے آپ نے کم عمری میں اپنے فن کے وہ جوہر دکھائے کہ خطہ پوٹھوہار کی تاریخ میں آپ کی باکمال فنکاری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آپ 24ستمبر 2000ء کوسیاہلی عمر خان تحصیل کلر سیداں ضلع راولپنڈی میں پیدا ہوئے

مروجہ دینی تعلیم یعنی قرآن مجید پڑھنے کے بعد کے بعد دنیوی تعلیم میں ایف اے کیا۔آپ کو بچپن ہی سے شعر و ادب کیساتھ ایک خاص لگاؤ تھا اور یقیناً جب گھر کا ماحول ادبی ہو تو انسان کی طبیعت کا میلان اس جانب زیادہ ہوا کرتا ہے

اور یہ آپ کی خوش قسمتی کہ آپ کو شہباز پوٹھوہار راجہ ساجد محمود اور راجہ رسالت صاحب جیسی شخصیات کی سرپرستی میسر آئی کہ جن کو خطہ پوٹھوہار میں نہایت ادب و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور جن کو بجا طور پر ادب میں بطور دلیل تک پیش کیا جا سکتا ہے آرزو ہے سورج کو آئنہ دکھانے کی
روشنی کی صحبت میں ایک دن گزارا ہے
ستار نوازی میں راجہ رسالت صاحب کی شاگردی اختیار کی اور دیکھتے ہی دیکھتے میدان عمل وہ کارہائے نمایاں سر انجام دیے کہ ماہرین فن بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے
خود سے چل کر یہ نہیں طرزِ سخن آیا ہے
پاؤں استادوں کے دابے ہیں تو فن آیا ہے
راجہ خادم صاحب راجہ عابد ضمیر صاحب اور حافظ قیصر صحرا صاحب کے علاوہ دیگر بہت سے ماہر شعرخوانوں کے ساتھ ستار نوازی کے جوھر دکھائے یہاں تک کہ دوبئی ثقافتی دورے میں شہباز پوٹھوہار راجہ ساجد محمود صاحب کے ساتھ گئے اور وہاں کے صاحبان ادب کے دلوں میں گھر کیا۔

سخن شناس لوگوں سے باہم مراسم آپ کا مرغوب مشغلہ ہے راجہ قیصر صحرا صاحب،عابد قادری صاحب مرحوم،راجہ واجد حقیر صاحب، یعقوب شیدائی صاحب مرحوم اور اس کے علاوہ متعدد صاحبان ادب و فن کے ساتھ آپ کے تعلقات فن شناسی پر دال ہیں امید ہے کہ آپ اسی آہنگ کیساتھ دن بدن اپنے فن میں کمال پاتے رہیں گے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں