ماس ریسلنگ کھیل میں بیول کا اعزاز

کہتے ہیں منزل کے حصول کی خاطر بے تحاشہ جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔تب کہیں جاکر اس کا ثمر ملتا ہے۔قدرت کی طرف سے یہ بہت بڑا اعزاز انسان کے حصے میں آیا ہے کہ شعور تجس اور عزم نے ملکر اس کی ذات کو تمام مخلوق پر اشرف بنا دیا مگرانسان جو خود سے بیگانہ اور اپنی صلاحیتوں سے انجان ہے۔لیکن جو انسان اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو پہچان لیتا ہے اس کے لیے پھر ہر بازی جیت کی بازی ہوتی ہے ہمارے نوجوانوں کی اکثریت باصلاحیت اور باکمال ہے میدان کوئی بھی ہو ہمارے نوجوان ملک کے اندر اور ملک سے باہر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں۔پاکستان بھر کی طرح خطہ پوٹھوہار بھی اس حوالے سے کافی زرخیز ثابت ہوا ہے یہاں کے نوجوان ملکی و غیر ملکی سطح پر ہرکھیل میں اپنی صلاحیتوں کے بل پر اپنے خطے اور اپنے ملک کا نام روشن کرچکے ہیں۔بیول اور گرد ونواح نے کبڈی‘والی بال‘کرکٹ اور ماس ریسنگ میں نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں۔خصوصاًماس ریسلنگ میں یہاں کے کھلاڑیوں نے بین القوامی سطح پر مقابلوں میں حصہ لے کر پاکستان کا نام روشن کیا۔ترکی میں ہونے والے انٹرنیشنل ماس ریسلنگ ٹورنامنٹ میں بیول کے نوجوانوں کی بطور کھلاڑی شرکت کے علاوہ بیول کے ایک نوجوان حسیب خالد نے اس ٹورنامنٹ کو بطور ریفری سپروائز کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ترکی کے بعد اس نوجوان کو 22.سے 25جون تک روس کی یاکویتا ساکھا اسٹیٹ میں ہونے والے ماس ریسلنگ چمپین شپ کے لیے ایک بارپھر بطور ریفری دعوت دی گئی ہے جو بیول اور پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔بیول اور گردو نواح میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور میدانوں کو آباد کرنے کی بات ہو تو طارق پرویز کو خراج تحسین پیش کرنا ضروری امر ہے جو اپنے وسائل کو میدانوں کو آباد کرنے پر بڑی دریا دلی سے خرچ کرتے ہیں۔وہ علاقے میں مختلف قسم کے ٹورنامنٹ منعقد کروانے اور کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نواز کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ترکی جانے والے نوجوانوں کو بھی طارق پرویز کی جانب سے ہی اسپانسر کیا گیا تھا اور اب روس میں ہونے والے چمپین شپ کے لیے بطور ریفری جانے والے نوجوان حسیب خالد کوطارق پرویز اور چوہدری وسیم ملکر اسپانسر کررہے ہیں طارق پرویز اور چوہدری وسیم کا نوجوانوں کو سپورٹ کرنے کا عمل نوجوانوں میں کھیلوں کے حوالے مزید جوش وجذبہ پیدا کرنے کا ذرئعہ بن رہا ہے۔دعا ہے کہ ہمارے نوجوان اپنی خداداد صلاحیتوں کو بروے کار لاتے ہوئے ملک وقوم کا نام اسی طرح روشن کرتے رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں