149

لوگو دین و دنیا کے معاملات میں اللہ کے حکم کو پورا کرو:خطبہ حج

لاکھوں عازمین حج کا رُکنِ اعظم وقوفِ عرفہ ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہیں۔مسجدِ نمرہ میں سعودی علماء کونسل کے اہم رکن شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے خطبۂ حج دیا۔شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے مسجدِ نمرہ میں خطبۂ حج میں فرمایا کہ اے ایمان والو! دنیا اور آخرت کے معاملات میں اللّٰہ کے حکم کو پورا کرو، اللّٰہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے، توحید کی دعوت تمام نبیوں میں مشترک رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ ایک ہے اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، اللّٰہ کے سوا تمام چیزوں کو ہلاک ہو جانا ہے، نماز ادا کی جائے، زکوٰۃ دی جائے، اسلام میں غریبوں کی مدد کا حکم بھی دیا گیا ہے۔خطبۂ حج میں شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے کہا کہ حج بھی ارکانِ اسلام میں سے ایک رکن ہے، اللّٰہ کی عبادت ایسے کرو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ان کا خطبۂ حج میں کہنا ہے کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر فضیلت حاصل نہیں، جس طرح اس مہینے کی حرمت ہے اسی طرح جان و مال کی حرمت بھی ہے۔شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد کا خطبۂ حج میں کہنا ہے کہ دن رات کا آنا جانا اللّٰہ تعالیٰ کی نشانیاں ہیں، اللّٰہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، اللّٰہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف اللّٰہ کی عبادت کریں۔خطبۂ حج میں انہوں نے فرمایا کہ ہر نبی علیہ السلام نے یہی دعوت دی کہ ایک اللّٰہ کی عبادت کرو، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج کا حکم اللّٰہ نے دیا ہے، اللّٰہ عظیم ہے اور حکمت والا ہے، اللّٰہ رب العزت نے تفرقے سے منع فرمایا ہے، قرآن میں اتحاد کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے، اتحاد میں ہی دین و دنیا کے معاملات میں فلاح ہے، مسلمانوں کا آپس میں مل کر رہنا ضروری ہے۔

انہوں نے خطبۂ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کا خوف اختیار کرنا لازم ہے، اللّٰہ کا حکم پورا کرنا، باطل سے دور رہنا بھی لازم ہے، اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور ہر فرد کی ذمے داری ہے، والدین، میاں، بیوی اور بچوں کے حقوق کو اللّٰہ نے واضح کر دیا ہے، اللّٰہ نے قرآن مجید میں صبر کی تلقین کی ہے۔

خطبۂ حج میں شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد کا کہنا ہے کہ شیطان انسانوں کے درمیان ٹوٹ پھوٹ پیدا کرتا ہے، حضور صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لیے عمارت کی طرح ہے، 13 ذی الحج تک منیٰ میں قیام سنت ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں