راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)محکمہ لائیو سٹاک حکومت پنجاب کی جانب سے آوارہ کتوں کی وجہ سے پھیلنے والی باؤلا پن کی بیماری کی روک تھام اور افزائش نسل روکنے کے لئے پراجیکٹ شروع کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پنجاب بھر کے نو اضلاع میں قائم ویٹرنری ہسپتالوں پر آوارہ کتوں کو باؤلا پن سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے اور نسل کشی کے لئے آپریشن کئے جائیں۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈویثرن سرفراز احمد چٹھہ کی زیر نگرانی، محکمہ لائیو سٹاک کے دفتر راولپنڈی میں موجود ہسپتال میں اس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ پراجیکٹ کے فوکل پرسن راولپنڈی ڈاکٹر جاوید منیر شاہ نے ٹیم کے ہمراہ آوارہ کتوں کو باؤلے پن کی ویکسین لگانے، آپریشن تھیٹر میں نسل کشی کا آپریشن کرنے کا کام سر انجام دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر زیدی بھی موجود تھیں۔ ڈائریکٹر راولپنڈی ڈاکٹر سرفراز احمد چٹھہ نے کہا کہ حکومت کے اس پراجیکٹ کے نتیجہ میں راولپنڈی سمیت تمام صوبے میں باؤلے پن کی بیماری کی روک تھام اور نسل کشی کے نتیجے میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ ان سے پھیلنے والی بیماری کے روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔