گوجرخان (نمائندہ پنڈی پوسٹ) بڑکی بدھال کے قدیم قبرستان پر دن کے اجالے میں قبضے کی کوشش، اہل علاقہ نے ناکام بنا دی، موقع پر پولیس بھی پہنچی لیکن کوئی قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی، ہمارے آباء و اجداد یہاں دفن ہیں کسی صورت قبضہ مافیا کو پنجے نہیں گاڑنے دیں گے، اہل علاقہ، تفصیلات کے مطابق بڑکی بدہال کے رہائشیوں ظفر اقبال، فاروق احمد، ٹھیکیدار عارف، محمد شکیل، ملک ایاز، ملک سعید، اظہر بٹ، کمال دین، عارف محمود، خالد حسین نے اسسٹنٹ کمشنر آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ بڑکی بدھال کا سب سے پرانا قبرستان جو بوہڑ والا قبرستان کے نام سے مشہور ہے، اس پر 2018 میں ایک قبضہ گروپ نے قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی جس پر اہل علاقہ نے اس وقت اسسٹنٹ کمشنر کو درخواست دی جس پر تحصیلدار، گرداور اور پٹواری نے موقع پر جاکر نشاندہی کروائی اور اسسٹنٹ کمشنر کو رپورٹ دی کہ یہ قبرستان کی جگہ ہے کسی کی ملکیت نہیں جس پر اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت قبرستان کی جگہ پر چاردیواری بنا ڈالی، گزشتہ روز ملزمان راجہ صفدر، رشید انور، رفاقت عرف بِلا، عاطف، رضوان قریشی وغیرہ نے ہمراہ 50 افراد قبرستان کی دیواروں کو اکھاڑ کر قبضہ کرنا چاہا، اہل علاقہ کو اطلاع ہوئی تو سب موقع پر پہنچے اور انکو ایسا کرنے سے منع کیا تو ہمیں اسلحہ دکھا کر ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی گئی، ہم نے پولیس ایمرجنسی نمبر پر کال کی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور چند افراد کو تھانے لے آئے، ملزمان سے اسلحہ برآمد ہونے کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہ کیاکوئی کارروائی ملزمان کیخلاف نہیں کی، اب ہم نے اسسٹنٹ کمشنر کو درخواست دی ہے کہ قبرستان کی جگہ کو قبضہ مافیا سے بچایا جائے، ہم پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ موقع سے تھانے منتقل کئے گئے افراد، برآمد اسلحہ پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
100