جہلم محکمہ لائیو سٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی، لاغرکم عمر بیمار اور مادہ جانوروں کے گوشت کی سرعام فروخت جاری، خطرناک جراثیم شدہ گوشت کے استعمال کے باعث کینسر و دیگر موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی عدم دلچسپی کے باعث شہر و مضافاتی علاقوں میں بیمار لاغر اور مادہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، متعلقہ اداروں کے افسران نے قصابوں کی دکانوں کی چیکنگ کرنے اور ناقص و غیر معیاری مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے قصابوں
کو جرمانے کرنے یا مقدمات درج کروانے کی بجائے ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوانا شروع کر رکھی ہیں، دوسری جانب متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث قصابوں نے جی بھر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا معمول بنا لیا ہے، قصابوں نے نرخ نامے آویزاں کرنے کی بجائے نظروں سے اوجھل کر رکھے ہیں اگر کوئی سرکاری اہلکار نرخ نامہ طلب کرے تو اشارے کے ذریعے نرخ نامے آویزاں کر دیئے جاتے ہیں، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری لائیوسٹاک،ڈی جی فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع جہلم میں نافذ جنگل کے قانون کے خاتمے کے لئے متعلقہ محکموں کے ذمہ داران کو روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق گوشت استعمال کر سکیں۔