کلر سیداں(جواد مجید،نمائندہ پنڈی پوسٹ ) کلر سیداں ٹریفک پولیس کا غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن ۔گزشتہ ہفتہ کاروائیوں کے دوران 37گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری ۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے احکامات اور ڈی ایس پی رورل جنید محسن کی سربراہی میں انچارج ٹریفک کلر سیداں انسپکٹر سعید رسول نے ٹریفک وارڈن عمران خان کے ساتھ ملکر گزشتہ ہفتے غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپورکاروائی کرتے ہوئے 37گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے ۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا تھا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور غیر قانونی طور پر لگائے جانے والے سی این جی سلنڈروں کے خلاف سخت اور بلا تخصیص قانونی کاروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور ایسی گاڑیوں سے سلنڈر اتروائے جائیں اور فٹنس سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک تھانہ میں بند کیا جائے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پبلک سروس گاڑیوں میں غیر قانونی سلنڈر کے خلاف کاروائی کا فیصلہ عوام الناس کی جان و مال کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ایسی گاڑیاں جن کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ نہیں ہے وہ شہریوں کی جان کے لیے خطرہ کا باعث ہیں لہذا پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات HDIPسے پاس شدہ سلنڈر کا استعمال کریں۔ڈی ایس پی ٹریفک رورل جنید محسن نے پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیور حضرات کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ دوران ڈرائیونگ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ڈرائیور کی ذرا سی غلطی ، لاپرواہی ،غفلت اور قوانین سے لاعلمی یا خلاف ورزی خدانخواستہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے لہذا پبلک سروس گاڑیوں کے ڈرائیور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اپنی گاڑی کو اچھی اور درست حالت میں رکھیں۔
111