پاکستان بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبیؐ کا تہوار مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر شہر بھر میں رنگوں کی بہار آ گئی، گلیوں محلوں اور عمارات کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجا یا گیا تھا، ہر طرف سے درود و سلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں، مساجد میں خصوصی محافل اور دعا خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک و قوم کی سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت کی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر شہر بھر میں علماء کرام کی جانب سے آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی سیرت اور تعلیمات بیان کی گئیں۔ اس تناظر میں راولپنڈی پولیس کی جانب سے امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے۔ سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری اور سینئر افسران دن بھر جلوسوں کے سیکورٹی انتظامات کو چیک کرتے رہے، 5800 سے زائد افسران و اہلکاروں نے سیکورٹی فرائض سرانجام دئیے جبکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے 513 ٹریفک افسران و اہلکار متعین رہے۔ شہر بھر میں مختلف جلوسوں کی مانند دھمیال و گرجا سرکل میں مرکزی جلوس غوثِ اعظم روڈ (چکری روڈ) پر ادارہ فیضانِ رسالت پیر مہر علی شاہ ٹاؤن سے برآمد ہوا جس کا اہتمام مرکزی جلوس میلاد کمیٹی نے کیا۔ جلوس میں ہزاروں غلامان رسول صلی اللہ علیہ وسلم ریلیوں کی صورت میں شریک ہوئے۔ جلوس کی قیادت مرکزی کمیٹی کے مرکزی سرپرست اعلی شیخ الحدیث علامہ مفتی قاضی محمد سعید الرحمن قادری، مرکزی صدر مولانا خلیفہ پیر حامد نوازنقشبندی، مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا محمد عبداللطیف قادری، ناظم مالیات مولانا عبدالغفور نقشبندی، ناظم نشرواشاعت مولانا محمد افضل قادری، مولانا اشتیاق احمد قادری، مولانا اصغر علی ہزاروی،مولانا حافظ محمد قاسم موہڑوی، حافظ حبیب الرحمن رضوی ضیائی، حافظ محمد شفیق چشتی محمد تصور حسین قادری، راجہ محمد ریاض، راجہ پرویز حشمت اور دیگر علماء کرام ومشائخ عظام نے کی۔ مختلف مقامات پر غلام مرتضیٰ قریشی، ارتضا قریشی، وارث منہاس، اسد نمبردار، حیدر مہدی راجہ، راجہ شاہد اقبال سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے جلوس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جلوس غوث اعظم روڈ سے برآمد ہو کر دھمیال روڈ سے ہوتا ہوا جامعہ زاہدیہ شریف میں اختتام پذیر ہوا۔ اختتام پرمولانا خلیفہ پیر حامد نوازنقشبندی نے لنگر کا وسیع اہتمام کیاجبکہ علامہ مفتی قاضی محمد سعید الرحمن قادری نے ملک وملت کی سربلندی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ اس کے ساتھ ساتھ گرجا روڈ پر ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ گیلانی کی زیر نگرانی اور پیر سید اسماعیل شاہ کاظمی آستانہ عالیہ سروبہ شریف کی زیر سرپرستی خصوصی محفل منعقد کی گئی جس میں ضمیرحیدرقادری، علامہ عزیز حیدر قادری برادران اور ملک جنید کی جانب سے ہر سال کی طرح قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ ٹکٹ کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں علماء و مشائخ اور سماجی و سیاسی شخصیات کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اہلیان علاقہ نے اس موقع پر قرعہ اندازی کے لئے اپنے شناختی کارڈز کی کاپیاں جمع کروائیں جس میں کوٹلی ستیاں سے تعلق رکھنے والے غضنفر محمود کا عمرے کا ٹکٹ نکلا۔ پیر سید اسماعیل شاہ اور ملک جنید تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پی ٹی آئی رہنما ملک نعمان اور مرتضی قریشی بھی محفل میں موجود تھے۔یہ امر خوش آئند ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر چکری روڈ پر پہلی مرتبہ نجی سکولز اور کالجز کی خواتین اساتذہ اور طالبات کیلئے حسن نعت خوانی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہتمم اپسکا کے جنرل سیکرٹری ملک عبداللہ خدامی اور صدر عمران علی درانی تھے۔ اس شاندار تقریب میں میں 60 سے زائد سکول کالجز کی 75 طالبات جبکہ 24خواتین اساتذہ نے حصہ لیا۔ تقریب کے مہمانان خصوصی سابق مشیر وزیر اعلی پنجاب ناصر محمد راجہ، ممبر کنٹونمنٹ بورڈ سماجی شخصیت حاجی ظفر اقبال اور سینئر پی ٹی آئی رہنما ملک نعمان تھے جبکہ ممبر بی او جی فیڈرل بورڈ اشرف ہراج، پی ٹی آئی رہنما پروین خاتون، سینئر صحافیوں نعمان سلہری اور راجہ سہراب نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے اپنے خطاب میں ناصر راجہ نے کہا کہ علاقے میں اس قسم کی محافل کو فروغ دیا جانا چاہیے اور میں بذات خود انکے اہتمام میں مدد کروں گا۔ حاجی ظفر اقبال نے اس موقع پر کامیاب پروگرام کے انعقاد پر عبداللہ خدامی اور عمران علی درانی کو تحائف پیش کئے جبکہ حسن نعت خوانی میں پوزیشن حاصل کرنے والی اساتذہ اور طالبات کو نقد انعامات بھی دیئے۔ شرکاء کو مخاطب کرتے انھوں نے کہا کہ وہ ایسی محافل میں شرکت کو ہمیشہ سعادت سمجھتے ہیں اور انکی کوشش ہوتی ہے کہ ایسی تقاریب کی ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حوصلہ افزائی کی جائے۔
163