لغت میں عمل سے مراد کام یا فعل کے ہیں یعنی کسی بات یا کام کا بجالانا تعمیل کے معنی میں آئے گا۔انسانی حیات کے ہر پہلو پر بحث لاحاصل ہوگی اگر بحث میں مرکزیت انسان کی نہ ہو۔عقلی دسترس خلق کی حدود کو عبور تو نہیں کر سکتی مگر لا متناہی حصوں کا ادراک ضرور دیتی ہے۔جیسے کوئی ایک ذات سب کی خالق ماننی پڑتی ہے۔ اور خلق میں ہی تجزیہ ہر شئے کے با مقصد ہونے کا گواہ ہو جاتا ہے۔ان سارے پیچ و خم کو دیکھتے ہوئے لامحالہ زبان کہہ اُٹھتی ہے ” الحمد للہ ” مسلمان پیدا فرمایا۔قرآن کریم عطا فرمایا اور محمد الرسول اللہ ﷺ سے نوازا۔سارے عقدے کھل گئے۔
عمل جہاں انسان کی خصلت کا پتہ دیتا ہے وہاں گردو پیش پر اثر انداز بھی ہوتا ہے اس لیے قرآن کریم جہاں بڑا واضح ارشاد فرماتا ہے وَھَدَیْنَہُ النَّجْدَیْنِ۔۔سورہ البلد آیت نمبر10۔۔ اور (خیرو شرکے)دونوں راستے بھی اس کو دکھا دئیے) وہاں یہ راہنمائی بھی فرماتا ہے لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃ ٌ۔۔ سورہ احزاب آیت نمبر 21۔۔ (یقیناتم لوگوں کے لیے اللہ کے پیغمبر میں عمدہ نمونہ موجود ہے) یہی وہ روشن پہلو ہے کہ جس کی بدولت لگ بھگ 23 برس نازل ہونے والے حق کے اختیار کرنے والی ایسی خوش بخت باعمل ہستیاں ہوئیں کہ آئندہ آنے والے 23 سالوں میں معلوم دنیا کے تین حصوں پر حق رائج تھا۔آج انسانی معاشرے اور بالخصوص اسلامی معاشروں کو دیکھتے ہوئے علامہ اقبال کا یہ شعر یاد آتا ہے۔
اقبال بڑا اپدیشک ہے من باتوں میں موہ لیتا ہے
گفتار کا یہ غازی تو بنا کردار کا غازی بن نہ سکا
تو ضروری ہے کہ اس حالت سے خلاصی حاصل کی جائے۔قرآن کریم فرماتا ہے۔قَدْاَفْلَحَ مَنْ زَکَّھَاوَقَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰھَا ۔۔الشمس 9،10۔۔ (جس نے خود کو پاک رکھا یقینا کامیاب ہوا۔اور جس نے اسے خاک میں ملایا یقینا نقصان میں رہا)
اللہ کریم کے فرمان کی مطابقت حاصل کرنے کے لیے، تزکیہ نفس کے لیے، راہنمائی نصیب ہوتی ہے جو کہ فرائض نبوت تک میں شامل ہے جیسا کہ ارشاد ہے وَیُزَکِّیْھِمْ (اور ان کا تزکیہ فرماتے ہیں) یہ حضور حق کی وہ کیفیت ہے جو ظاہر و باطن کو ایک کر دیتی ہے۔اور عمل ِ صالح کی توفیق نصیب ہوتی چلی جاتی ہے لیکن اس موضوع پر کہنے سننے کی بجائے متلاشی کی ضرورت ہوتی ہے جو کہ فی زمانہ خال ہی ملتے ہیں آج مرید کی بجائے مراد ہونے کو ترجیح ہے۔
حضرت علی ؓ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم میں سے ہر ایک کی جہنم میں اور جنت میں جگہ لکھ دی گئی ہے انہوں نے عرض کیا اللہ کے رسول ﷺ کیا ہم پھر اپنے نوِشتہ تقدیر پر بھروسہ کر لیں اور عمل کرنا چھوڑ دیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا عمل کرتے رہو،ہر ایک کو جس کے لیے اسے پیدا کیا گیا ہے میسر کر دیا جاتا ہے جو شخص سعادت مندوں میں سے ہوگا تو اس کے لیے اہل سعادت کے عمل آسان کر دئیے جائیں گے اور جو شخص بد نصیبوں میں سے ہوا تو اس کے لیے بد نصیبی والے عمل آسان کر دئیے جائیں گے۔پھر آپ ﷺ نے یہ آیت تلاوت فرمائی۔ فَاَمَّامَنْ اَعْطٰی وَاتَّقَی۔وَصَدَّقَ بِالْحُسْنَی۔فَسَنُیَسِّرُہُ لِلْیُسْرٰی۔۔سورہ اللیل 5،6،7۔۔ (تو جس نے (اللہ کی راہ میں) مال دیا اور پرہیز گاری کی۔اور نیک بات کو سچ مانا۔تو اس کو ہم آسان طریقے کی توفیق دیں گے) (متفق علیہ)
بحیثیت مسلمان یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے عہد کو نبھائیں۔ایمان کی مضبوطی عبادات کے اختیار کرنے کا سبب ہوتی ہے۔اور عبادات،معاملات یعنی عمل تک کی اصلاح کرتی ہیں۔ضرورت ہے اس صدا کی یا مقلب القلوب!
وادی عشق بسے دوروڈرازاست ولے
طے شود جارہ صد سالہ برآہِ گاہِ
(عشق کی وادی بہت ہی دور ہے لیکن کبھی کبھی سو سال کا راستہ ایک ہی آہ میں طے ہوجاتا ہے)
282