اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)پولیس لائنز اسلام آباد میں قائم احتساب عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی جس پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج نے چیئرمین تحریک انصاف کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔ احتساب عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ عمران خان کو 17 مئی کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ ایڈیشنل سیشن محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ اس دوران عمران خان کے وکلاء خواجہ حارث، فیصل چوہدری، علی گوہر اور علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔نیب نے عمران خان کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس کے بعد عدالت نے سماعت میں وقفہ کردیا تھا۔
98