108

عمران خان گرفتار،احتجاج کے باعث مختلف راستے بند

راولپنڈی (شہزادرضا،نمائندہ پنڈی پوسٹ)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں کارکنوں نے مختلف مقامات پر سڑکوں پر بلاک کر کےا حتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے پیش نظر عوام سڑکوں پر ذلیل و خوار ہو رہے ہیں منگل کی صبح اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے لیے عمران خان جونہی پہنچے تو انھیں نیب نے حراست میں لے لیا جس کے لیے رینجرز کی مدد حاصل کی گئی تھی ان کی اچانک گرفتاری پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احاطہ میں جو کچھ ہوا یہ غلط ہے عمران خان عدالت پیشی کے لیے آرہےتھے ایسے گرفتارکرنا غلط ہے انھوں نے پندرہ منٹ کا وقفہ کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد ،اٹارنی جنرل اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا

آئی جی پولیس 45 منٹ بعد عدالت پہنچے جنھوں نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو القادر یونیورسٹی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے جس عدالت نے کہا کہ انھیں اس کیس میں گرفتار نہیں کیا گیا آئی جی نے جواب دیا ان کے وارنٹ میرے پاس موجود ہیں جس پر عدالت نے کہا اگر خلاف قانون کچھ بھی ہوا تو کسی کو نہیں چھوڑوں گا ادھر عمران خان کو نیب راولپنڈی آفس منتقلی کے دوران ہی کارکنان نے مختلف مقامات پر سڑکیں بلاک کر کے احتجاج شروع کر دیا جس کا سلسلہ طول پکڑتا جار ہا ہے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کے سامنے کارکنوں نے احتجاج کیا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے اسلام آباد کے داخلی مقام روات ،ٹی چوک سمیت کاک پل،کھنہ پل ،فیض آباد ،زیروپوائنٹ اور دیگر علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لاہور میں کارکنان کو رکمانڈر ہاؤس کے اندر داخل ہو گئے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کی

کارکنان آرمی میس کے باہر بھی نعرے لگاتے نظر آئے ۔کراچی میں پولیس وین کو نذر آتش کر دیا گیا اسی طرح پشاور میں بھی مختلف مقامات پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے عمران خان کی گرفتاری کے بعد عوام غم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں ،وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے عمران خان کو نیب نے گرفتار کیا نیب ہی جواب دے گا انھوں نے کہا عمران خان پر کرپشن کے الزامات نہیں ثبوت موجود ہیں ۔

روات ٹی چوک اسلام آباد

نیب نے جاری اعلامیہ میں کہا کہ عمران خان کی گرفتاری چیئرمین نیب کی اجازت سے عمل میں لائی گئی ان کے وارنٹس یکم مئی کو جاری کیے گئے تھے ۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران نے صبح لاہور روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ اسلام آباد میں ہزاروں کی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کو اکٹھا کر کے ملک و قوم کا پیسہ اور وقت ضائع نہ کیا جائے اگر کسی کے پاس وارنٹس ہیں میرے پاس آئے میں جیل جانے کو تیا ر ہوں مگر افراتفری کی صورتحال پیدا نہ کی جائے ۔عمران خان کی گرفتاری کے بعد راولپنڈی اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند ہیں لاہور سے آنے اور جانے والی ٹریفک راولپنڈی اسلام آباد میں داخل نہیں ہو پارہی جس کے باعث عوام کو شدید کوفت کا سامنا ہے ۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں