عظیم الشان تحفظ ختم نبوت سیمینار کا انعقاد

قاری محمد شہزاد
عظیم الشان فقید المثال تحفظ ختم نبوت سیمینار کے انتہائی منظم اور کامیاب ترین انعقاد پر چیئرمین مرکزیہ پیغام ختم نبوت موومنٹ پاکستان، حضرت علامہ قاری محمد ممتاز ربانی نقشبندی ، مرکزی جنرل سیکرٹری حضرت علامہ مولانا محمد عمران صدیقی ، مرکزی سیکرٹری مالیات ابو عیسیٰ قاری محمد شہزاد یلدرم اور دیگر تمام منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آئندہ بھی اسی طرح ہمت شوق، جذبے اور اخلاص کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔ بالخصوص چیئرمین صاحب کا ایک جملہ جو دل کو لگا کہ آج کے ہمارے اس سیمینار میں بلا تفریق مسلک‘ دیوبندی/ بریلوی/ اور اہل حدیث حضرات بھی شریک ہیں۔ میرے رب نے چاہا چھوٹا منہ بڑی بات لیکن آئندہ راولپنڈی کے سیمینار میں اسی طرح بریلوی‘ اہل حدیث اور دیوبندی حضرات کے اپنے علاقے کی جانی پہچانی شخصیات کو بھی ضرور مدعو کریں گے جس سے اتحاد کی فضا کے ساتھ ساتھ ایک مثبت پیغام عوام تک پہنچے گا۔
اس سیمینار کے مہمان خصوصی محترم جناب علامہ محمد یونس حسن اور حضرت علامہ مولانا اورنگزیب اعوان نے ختم نبوت کی خوبصورت تاریخ بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ختم نبوت کا عقیدہ یہ ہمارے ایمان کا حصہ ہی نہیں ہے بلکہ ہمارے ایمان کی بنیاد ہے اور اس عقیدے کا تحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آج پوری دنیا کا کفر اس عقیدے کو مٹانے کے لیے جمع ہو چکا ہے۔ اب ہمیں اپنے عقیدوں کے دفاع کے لیے امت کو اٹھانا ہوگا اور مضبوط کرنا ہوگا اور اس عقیدے کے ساتھ اپنی نوجوان نسل کو مضبوطی سے جوڑنا ہوگا اگر ہم نے اس میں کوتاہی کی تو آئندہ ہماری نسلیں جو کہ پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں ان کے لیے مزید مسائل پیدا ہوں گے۔
اسی طریقے سے حضرت مولانا ممتاز نقشبندی امیر مرکزیہ پیغام ختم نبوت موومنٹ پاکستان نے اپنے خطاب میں بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ پوری امت نے مل کر کیا ہے بلا تفریق مسلک ہر قوم نے ہر مسلک نے اس میں بھرپور حصہ لیا ہے جس کے اندر دیوبندی بریلوی اور اہل حدیث کے چوٹی کے علماءشامل ہیں۔ حضرت مولانا اورنگزیب اعوان جو کہ ختم نبوت کے ایک بے باک مجاہد ہیں انہوں نے اپنے خطاب میں ایک بڑی خوبصورت بات کہی کہ آغا شورش کاشمیری رحمة اللہ علیہ اور اسی طریقے سے سید دا¶د غزنوی رحمة اللہ علیہ، مولانا محمد تاج محمود فیصل آباد والے کہ جنہوں نے فیصل آباد کے اندر اس قافلے کی مہمان نوازی کی کہ جو قادیانیوں سے مار کھا کر اور ان کا ظلم و ستم برداشت کر کے آ رہے تھے نہ صرف ان کی مہمان نوازی کی بلکہ انہیں تحفظ بھی فراہم کیا اور ایک پریس کانفرنس کر کے پورے ملک کو یہ پیغام پہنچایا کہ اگر اس قادیانی ٹولے کو آج لگام نہ دی گئی تو یہ پوری امت کے لیے ناسور بن جائے گا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری مالیات پیغام ختم نبوت موومنٹ قاری محمد شہزاد یلدرم نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے اور پوری دنیا میں اس عقیدے کا پرچار کریں گے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔سیمینار کا آغاز استاد القراءفاضل جامعہ الازہر قاری بزرگ شاہ الازہری کی تلاوت سے ہوا۔ سیمینار میں پیر عبدالشکور نقشبندی، مولانا مختار احمد ہاشمی، مولانا خلیق الرحمن قاسمی، مولانا محمد لیاقت، مولانا مجاہد صاحب، مولانا علی محی الدین، مولانا ظہیر حسین شاہ ، مولانا محمد عتیق الرحمن، مولانا نور محمد، ایڈوکیٹ بدر منیر اور دیگر حضرات نے بھرپور زور و شور اور انتہائی شوق سے شرکت کی۔ پیغام ختم نبوت موومنٹ راولپنڈی کے امیر حضرت مولانا نعیم منیر فاروقی نے جماعت کا منشور اور مقاصد پڑھ کر سنائے۔ آخر میں مرکزی سیکرٹری جنرل پیغام ختم نبوت موومنٹ پاکستان حضرت مولانا محمد عمران صدیقی صاحب نے آنے والے تمام معزز مہمان گرامی کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر شیخ الحرم مولانا مکی حجازی کے خلیفہ مجاز امیر تحریک خدام اہل سنت والجماعت حضرت مولانا محمد عطاءاللہ طارق نے دعا کی اور یہ خوبصورت تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔